چین اسنیچنگ کے 52 وارداتوں کا انکشاف کلیان کرائم برانچ نے دو عا دی ملزمان کو گرفتار کر لیا

چین اسنیچنگ کے 52 وارداتوں کا انکشاف

کلیان کرائم برانچ نے دو عادی ملزمان کو گرفتار کر لیا

تھانے (آفتاب شیخ)

تھانے شہر پولیس کی کرائم برانچ یونٹ 03 کلیان نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چین اسنیچنگ اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث دو عادی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تقریباً 30 لاکھ 6 ہزار 750 روپے مالیت کے سونے کے زیورات برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ تفتیش کے دوران مجموعی طور پر 52 وارداتوں کا پردہ فاش ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے نام قاسم غریب شاہ ایرانی عمر 38 سال اور مختار شیرو حسین عرف ایرانی عمر 32 سال ہیں، جو کلیان اور امبرناتھ علاقوں کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان کو کولسیواڑی پولیس اسٹیشن میں درج جرم نمبر 740/2025 کے تحت بی این ایس 2023 کی دفعات کے مطابق گرفتار کیا گیا، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کر کے پولیس تحویل حاصل کی گئی۔

کرائم برانچ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ چین اسنیچنگ کے معاملات میں ملوث ملزمان کلیان علاقے میں سرگرم ہیں۔ اس اطلاع کی بنیاد پر یونٹ 03 کلیان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لیا۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے تھانے شہر، کلیان، امبرناتھ، بدلا پور، بھیونڈی، ممبئی، نئی ممبئی اور کرناٹک ریاست میں چین اسنیچنگ اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔

پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ماضی میں بھی مختلف پولیس اسٹیشنوں میں سنگین نوعیت کے کئی مقدمات درج ہیں۔ ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے مختلف اقسام کے سونے کے زیورات برآمد کیے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

کرائم برانچ کے مطابق ان وارداتوں میں ہل لائن، کولسیواڑی، ڈومبیولی، کلوا، بدلا پور، کاپرباؤڑی، امبرناتھ، نارپولی، کھارگھر، پنویل، نئی ممبئی، ممبئی شہر اور کرناٹک کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں درج مقدمات شامل ہیں، جن میں چین اسنیچنگ، لوٹ مار اور دھوکہ دہی جیسے جرائم شامل ہیں۔

یہ کارروائی پولیس کمشنر تھانے شہر کی رہنمائی، ایڈیشنل پولیس کمشنر (کرائم) اور ڈپٹی پولیس کمشنر (کرائم) کی نگرانی میں انجام دی گئی، جبکہ یونٹ 03 کلیان کے سینئر افسران اور عملے نے اس کارروائی میں اہم کردار ادا کیا۔ پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading