چمکی بخار کا اثر بہار میں کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ خصوصاً مظفر پور میں اس بیماری سے مرنے والے بچوں کی تعداد روزانہ بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق بدھ کے روز تین مزید بچے چمکی بخار کی زد میں آنے سے ہلاک ہو گئے۔ مہلوکین میں سیتامڑھی کا پانچ سالہ پیوش کمار، موتیہاری کا پانچ سالہ انگد کمار اور سگولی واقع رگھوناتھ پور گاؤں کا سات سالہ بچہ شامل ہے۔
تازہ موصولہ اطلاعات کے مطابق سیتامڑھی کی رینا چمکی بخار سے متاثر ہونے پر اسپتال میں داخل ہوئی ہیں اور پی آئی سی یو میں اب بھی 14 بچوں کا علاج جاری ہے۔ ان بچوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 7 بچوں کو ڈاکٹروں نے ویٹنگ میں ڈالا ہوا ہے۔ گویا کہ ان کی حالت سنگین نہیں ہے اور طبیعت بہتر ہونے پر انھیں اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔
بہر حال، میڈیا ذرائع کے مطابق تازہ اموات کے بعد اب تک اس بخار سے ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 191 پہنچ گئی ہے۔ اس بیماری میں مبتلا ہونے کے 540 معاملے اب تک سامنے آ چکے ہیں۔ دوسری طرف محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 428 بچے اسپتال میں علاج کے لیے داخل ہوئے اور 298 بچوں کو اسپتال سے ٹھیک ہونے پر چھٹی دے دی گئی۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
