پیڈل کے ذریعے سائبر کرائمز کے خلاف آگاہی؛ تھانے میں 200 سائیکل سواروں کی شاندار ریلی

تھانے (آفتاب شیخ)
پولیس کے یومِ تاسیس کے موقع پر سائبر کرائمز کے خلاف عوامی بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے سائبر پولیس اسٹیشن، ایمے سائیکل پریمی فاؤنڈیشن اور چترمیدھ ویژن کی جانب سے ڈیکوڈٹیک انڈسٹریل ٹریننگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے تعاون سے تھانے شہر میں ایک عظیم الشان سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں 200 سے زائد سائیکل سواروں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
اس ریلی کو سائبر پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر پرکاش ورکے، ایمے سائیکل پریمی فاؤنڈیشن کی بانی صدر پرگیہ مہاترے، سیکریٹری دپیش دلوی، ڈیکوڈٹیک انڈسٹریل ٹریننگ پرائیویٹ لمیٹڈ کی منیجنگ ڈائرکٹر ریشما جادھو (سالونکھے) اور چترمیدھ ویژن کے ڈائرکٹر وشال لٹے نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ سائبر پولیس اسٹیشن سے شروع ہونے والی یہ ریلی ٹیمبھی ناکہ، تلاو پالی، گجانن مہاراج مٹھ چوک، ہری نواس سرکل، شاہو مارکیٹ، گوکھلے روڈ، رام ماروتی روڈ اور کورٹ ناکہ سے ہوتی ہوئی دوبارہ سائبر پولیس اسٹیشن پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں دس سال سے لے کر 72 سال تک کی عمر کے سائیکل شوقین افراد نے شرکت کی، جس سے اس مہم کو زبردست عوامی حمایت حاصل ہوئی۔ ریلی کی قیادت امول کلکرنی، اجے بھوسلے، گیان دیو جادھو، سنیل روکڑے، گرو پرساد دیسائی، نکھل شیولکر، چندر شیکھر جگتاپ، وٹھل کامبلے اور گایتری ریٹھے نے کی۔ ریلی کے اختتام پر پولیس کی جانب سے تمام سائیکل سواروں کو خصوصی میڈل دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر سینئر پولیس انسپکٹر پرکاش ورکے نے حاضرین کی سائبر کرائمز کے حوالے سے رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ٹیکنالوجی تیزی سے بدل رہی ہے، اس لیے اس کے بارے میں باخبر اور محتاط رہنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوامی بیداری ہی سائبر جرائم کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔ سائیکل ریلی کے ذریعے تھانے کے شہریوں میں سائبر سیکورٹی کے تعلق سے شعور بیدار کرنے کے اس اقدام کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔