سری نگر :جموں۔کشمیر کے پلوامہ میں فدائین حملے میں اب تک 42 جوان شہید ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اونتی پورہ میں قومی شاہراہ پر دھماکوں سے بھری گاڑی کو سی آر پی ایف کی بس سے بھڑا دیا گیا۔ اس بس میں 44 جوان سوار تھے۔ جیش محمد کے فدائین دہشت گرد عادل احمد ڈارعرف وقاص نے اس حملے کو انجام دیا۔ بس میں سوار 42 جوانوں کی فہرست سامنے آئی ہے۔یہ بس سی آر پی ایف کی 76 ویں بٹالین کی تھی۔ بس کا نمبر ایچ آر 49 ایف 0637 تھا۔ اس میں زیادہ تر جوان ہیڈ کانسٹیبل اور ٹریڈس مین رینک تھے۔ یہ جوان سی آر پی ایف کی 76 ویں ، 45 ویں ، تیسری ، 176 ویں، 115 ویں ، 82 ویں ، 75 ویں ، 35ویں، 21ویں، 98ویں اور 118ویں ، بٹالین کے تھے۔ بتادیں کہ جس بس کو نشانہ بنایا گیا وہ 55 سیٹر تھی اور اس میں 44 جوان سوار تھے۔ یہ جوان چھٹی سے لوٹ رہے تھے اور ڈیوٹی پر جارہے تھے۔ 
اس قافلے کو ایک ہفتہ پہلے ہی ڈیوٹی پر تعینات کیاجانا تھا لیکن کسی وجہ سے ان کی تعیناتی میں دیری کی گئی تھی۔سی آر پی ایف کے قافلے میں70 سے زیادہ گاڑیاں شامل تھیں۔ یہ سبھی چھٹیاں ختم کرکے ڈیوٹی پر لوٹ رہے تھے۔ اس میں 2500 سے زیادہ جوان سوار تھے۔ جانکاری کے مطابق، دہشت گردوں نے پہلے سکیورٹی اہلکاروں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا پھر تابڑ توڑ فائرنگ بھی کردی۔اس حملے کے بعد فوج نے جموں، سری نگر ہائی وے پر ٹریفک روک دیا ہے اور سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ اونتی پورہ، پلوامہ، شوپیاں، کلگام اور سری نگر اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔