پربھنی:24جون ۔(ورق تازہ نیوز)پربھنی میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر(3) کے ضمنی چناو میں راشٹر وادی کانگریس پارٹی کی امیدوار گولن تائی روڑے اور وارڈ نمبر 11 میں ایم آئی ایم کی امیدوار فاطمہ عبدالجاوید نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ان دو وارڈوں میں اتوار 23جون کو ووٹ ڈالے گئے تھے ۔ووٹوں کی گنتی آج 24جون کی صبح دس بجے شرو ع ہوئی ۔
وارڈ نمبر 3(ڈی) میں راشٹر وادی کانگریس کی گولن رامچندر روڑے نے چھٹی پھیری کے آخر میں 3068 ووٹ حاصل کئے جبکہ اُن کے حریف امیدوار قاضی علیم الدین امام الدین نے 1349وو ٹ حاصل کئے ۔اس وارڈ میں جملہ 10 امیدوار کھڑے تھے۔ وارڈ نمبر 11(اے) کے ضمنی چناو میں جملہ 4امیدوار الیکشن میدان میں تھے ۔ گنتی کے بعد ایم آئی ایم کی امیدوار فاطمہ عبدالجاوید کو منتخب قرار دیاگیا انھوں نے تمام امیدواروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ یعنی 3734ووٹ حاصل کئے۔اُن کے مقابلے میں کانگریس امیدوار جاویدقادر کو صرف 1597ووٹ ملے اور وہ شکست سے دوچار ہوئے ۔
ایم آئی ایم کی امیدوار فاطمہ عبدالجاوید کی کامیابی پر ایم آئی ایم مراٹھواڑہ صدر فیروز لالہ نے انھیں تہہ دل سے مبارکباد پیش کی ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ ایم آئی ایم مراٹھواڑہ میں کامیابی کی نئی منزل کی طرف تیزی سے گامزن ہے ۔پربھنی میں ایم آئی ایم کی کامیابی پر مجلس کے کارکنان نے زبردست جشن منایا ۔ کیونکہ پربھنی میونسپل کارپوریشن میں پہلی مرتبہ ایم آئی ایم کی نمائندگی ہوگی۔ اس طرح پربھنی میونسپل کارپوریشن کی تاریخ میں اولین مرتبہ فاطمہ عبدالجاوید کے طور پر ایم آئی ایم نے اپنا کھاتہ کھول دیا ہے ۔