پانچ مہینے کے بچے کے اغوا کا معاملہ محض چار گھنٹوں میں حل
تین ملزمان گرفتار، تھانے پولیس کی کامیاب کاروائی
تھانے(آفتاب شیخ)
تھانے شہر میں ایک 5 مہینے کے بچے کے اغوا کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جسے پولیس نے چار گھنٹوں کے اندر کامیابی سے حل کر لیا۔ یہ واقعہ 12 اکتوبر 2024 کو سددھی ہال کے قریب رابوڑی پل کے نیچے پیش آیا۔ شکایت کنندہ ونیتا راکیش پاوار (عمر 35 سال) نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کا 5 مہینے کا بیٹا رات 12:30 بجے سے صبح 5:00 بجے کے درمیان کسی نامعلوم شخص نے اغوا کر لیا ہے۔
پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے جرم نمبر 827/2024 کے تحت دفعہ 137 (2) بھارتی قانون تعزیرات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ تفتیشی ٹیم نے مشتبہ افراد کا سراغ لگایا اور تین ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں جاوید عظمت علی نھاوے (35 سال)، جے شری یعقوب نائیک (45 سال)، اور سریکھا راجیش کھنداگلے (34 سال) شامل ہیں، جن کا تعلق تھانے کے مختلف علاقوں سے ہے۔ گرفتار ملزم جاوید عظمت علی نھاوے کے خلاف پہلے بھی مختلف جرائم میں مقدمات درج ہیں، جن میں چوری اور دیگر الزامات شامل ہیں۔
پولیس ٹیم جس میں سب انسپکٹر دیپک کھیدکر، ہیڈ کانسٹیبل وکرم شندے، ہیڈ کانسٹیبل گنگورڈے، تاناجی امبورے، ساگر پاٹل، پرکاش جادھو، پنکج دابھاڑے اور سندیپ چوہان شامل تھے، نے محنت کرتے ہوئے 4 گھنٹوں کے اندر بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا اور ملزمان کو گرفتار کیا۔
تفتیشی افسر سب انسپکٹر بھارت مارکاڈ نے اس کامیاب آپریشن کی قیادت کی اور بتایا کہ فوری کارروائی اور ٹیم ورک کے باعث بچے کو جلد ہی بازیاب کر لیا گیا۔