ممبئی۔ ۲۹؍اکتوبر (بی این ایس) مہاراشٹر میں جاری سیاسی اٹھاپٹک کے درمیان حکومت سازی کو لےکر بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان بیان بازی بڑھ گئی ہے جس سے دونوں کے اختلافات اور ا بھر کر سامنے آگئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا کہ پانچ سال تک میں ہی وزیراعلیٰ رہوں گا ہمارے صدر امیت شاہ نے واضح کیا ہے کہ شیوسینا کے ساتھ وزیراعلیٰ کے عہدے کو لے کر ففٹی ففٹی فارمولے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا ہے۔ اس سے قبل شیوسینا ترجمان اور راجیہ سبھا ممبر سنجے رائوت نے کہاکہ ادھو ٹھاکرے کے پاس متبادل ہے لیکن وہ اسے قبول کرنے کا پاپ نہیں کرناچاہتے وہیں دوسری جانب حکومت سازی پر آخری فیصلے کےلیے بدھ کو بی جے پی صدر امیت شاہ اور شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے کے درمیان میٹنگ کاشور شرابہ ہے۔
دیوالی کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ فڈنویس نے شیوسینا کی جانب سے پیش کیے گئے فارمولے کو پوری طرح سے خارج کردیا ہے انہو ںنے کہاکہ اگلے ہفتے حلف برداری تقریب کی امید ہے اس سے پہلے سوموار کو فڈنویس اور شیوسینا لیڈر دیواکر رائوت نےر اج بھون جاکر گورنر بھگت سنگھ کیشوری سے الگ الگ ملاقات کی تھی دونوں لیڈران نے اس ملاقات کو دیوالی کے تعلق سے بتایا تھا۔ اطلاع کے مطابق امیت شاہ بدھ کو ادھوٹھاکرے سے ملاقات کرسکتے ہیں ، اس کے بعد ہی حکومت سازی کو لے کر کوئی فیصلہ لیاجائے گا۔
شاہ ممبئی میں ودھان سبھا پارٹی کے لیڈران کا چنائو کرنے کےلیے بی جے پی کے نومنتخب ممبراسمبلی کی بیٹھک میں حصہ لیں گے، اس میں پارٹی کے سبھی ممبران اسمبلی، ریاستی عہدیدار موجود ہوں گے۔