ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت کو چوتھا نقصان، پنٹ بھی آؤٹ

ٹی20 وررلڈ کپ 2021 میں پاکستان کے خلاف بھارت کی چوتھی وکٹ گر گئی ہے اور شاداب خان نے ریشابھ پنت کی اننگز کا خاتمہ کردیا ہے۔

دبئی میں کھیلے جا رہے ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

بھارت نے اننگز کا آٖغاز کیا تو روہت شرما کھاتا کھولے بغیر پہلی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

اسکور ابھی چھ تک پہنچا تھا کہ دوسرے اوپنر لوکیش راہل بھی شاہین کی گیند نہ سمجھ سکے اور کلین بولڈ ہو گئے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے سوریا کمار یادیو آئے اور دونوں اب تک تیسری وکٹ کے لیے 25رنز جوڑ کر اسکور کو 31 تک پہنچایا۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، پاکستان نے چھٹے اوور میں حسن علی کو باؤلنگ پر متعارف کرایا جنہوں نے 11 رنز بنانے والے سوریا کمار یادیو کو چلتا کردیا۔

محمد حفیظ باؤلنگ کے لیے آئے تو پاکستان نے کیچ کی اپیل مسترد ہونے پر ریشابھ پنت کے خلاف ریویو لیا لیکن فیلڈامپائر کافیصلہ درست ثابت ہوا اور پاکستان کا ریویو ضائع ہو گیا۔

اننگز کے 12ویں اوور میں ریشابھ پنت نے جارحانہ انداز اپنایا اور حسن علی کو لگاتار دو چھکے لگانے سمیت اوور میں 15رنز بنائے لیکن اگلے ہی اوور میں شاداب خان کی گیند پر چھکا لگنے کی کوشش میں وہ اونچا شاٹ کھیل بیٹھے اور باؤلر نے اپنی ہی گیند پر کیچ لینے میں کوئی غلطی نہ کی۔

بھارت نے 13 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنائے ہیں۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کےبعد پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ ہم بھارت کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی پہلے باؤلنگ ہی کرتے۔

پاکستان نے اعلان کردہ 12 رکنی اسکواڈ سے نوجوان حیدر علی کو ڈراپ کردیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading