ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: میزبان امریکہ نے بوکھلائی ہوئی پاکستانی ٹیم کو سپر اوور میں اپ سیٹ شکست دے دی

کس نے سوچا تھا کہ پاکستان اور امریکہ آپس میں کبھی کرکٹ کا میچ بھی کھیلیں گے، لیکن امریکہ پاکستان کو ہرا دے گا۔۔۔ یہ تو شاید کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔پاکستان ٹیم اس سے پہلے بھی اپنے سے کمزور ٹیموں سے شکست کھا چکی ہے لیکن یہ شکست شاید ان تمام اپ سیٹس سے زیادہ سنگین معلوم ہوتی ہے اور پاکستان کی فیلڈنگ ک دوران بوکھلائی ہوئی کارکردگی کے باعث اس کی سنگینی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

سونے پر سہاگہ یہ کہ امریکہ پہلی مرتبہ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کھیل رہی تھی اور یہ شکست سپر اوور میں جا کر ہوئی جہاں پاکستان 19 رنز کا ہدف بنانے میں ناکام رہا۔امریکہ کے شہر ڈیلس میں ہونے والے ایونٹ کے اس میچ میں امریکہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

میچ کی ابتدا سے ہی امریکی ٹیم کا یہ فیصلہ تب بہتر ثابت ہوا کہ جب میچ کے پہلے پاور پلے میں پاکستان کے ابتدائی تین کھلاڑی آوٹ ہو گئے۔ لڑکھڑاتی پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو کچھ دیر کو بابر اور پھر شاداب کا سہارا ملا لیکن دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ صرف 159 رنز ہی جوڑ سکی۔

160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکہ کی کرکٹ ٹیم نے پر اعتماد انداز میں انگز کا آغاز کیا۔ اس اننگز کا خاصہ پاکستان کی ناقص فیلڈنگ تھی، پاکستان نے امریکی بلے بازوں کے اہم موقعوں پر کیچ چھوڑے، اور مس فلیڈز اور ایکسٹرا رنز نے امریکہ کا تعاقب مزید آسان بنا دیا۔محمد عامر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کے تین اچھے اوورز کے باعث امریکہ کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے، تاہم حارث رؤف کے آخری اوور کی آخری بال پر چوکے نے میچ سپر اوور تک پہنچا دیا۔
سپر اوور
سپر اوور میں امریکا نے پہلے بیٹنگ کی اور پاکستان کو جیتنے کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے یہ سُپر اوور محمد عامر نے کرایا۔سپر اوور میں ایک لمحے کو ایسا لگا کہ پاکستان ٹیم فیلڈنگ کرنا ہی بھول گئی ہے۔ عامر کے اوور میں 10 رنز بیٹ سے بنے جبکہ باقی آٹھ رنز وائڈز اور ناقص فیلڈنگ کی نذر ہوئے۔

جواب میں پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور فخر زمان سپر اوور کھیلنے کے لیے کریز پر اترے مگر امریکہ کی جانب سے بہترین بولنگ کی وجہ سے وہ ٹیم کو میچ نہ جتوا سکے۔پاکستان 19 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بنا سکا اور امریکہ کے ہاتھوں اسے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکہ کی رواں ورلڈکپ میں یہ دوسری کامیابی ہے، اس نے پہلے میچ میں کینیڈا کو ہراہا تھا۔ پاکستان کے خلاف جیت کے بعد امریکہ گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آ گیا ہے۔
امریکہ کے خلاف ایونٹ کے پہلے میچ میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن دونوں کی مقبول جوڑی اس میچ میں بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہی اور محمد رضوان ابتدائی اوورز میں ہی صرف 9 رنز بنا کر سوربھ نیٹروالکر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

رضوان کے پولین لوٹ جانے کے بعد محمد عثمان میدان میں آئے لیکن وہ بھی صرف 3 کے انفرادی سکور پر نوستھش کینجیے کا شکار بنے۔

چوتھے نمبر بیٹنگ کے لیے فخر زمان آئے اور آتے ہی اپنی انداز میں انگز کا آغاز کیا اور چھکا لگایا لیکن اس کے بعد وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 26 کے مجموعی سکور پر 11 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور اچھی شراکت قائم کی۔ ٹیم کا سکور 98 رنز پر پہنچا تو 40 رنز بنانے والے شاداب بھی کینجیے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد کریز پر آنے والے اعظم خان سکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور یوں پاکستان کی آدھی ٹیم 98 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنھوں نے 44 رنز کی عمدہ لیکن سست اننگز کھیلی۔افتخار احمد کی اننگز 18 کے انفرادی سکور پر تمام ہوئی جس کے بعد اننگز کے آخری اوورز میں شاہین شاہ آفریدی کی 23 کی ناقابل شکست اننگز نے پاکستان کو مناسب سکور تک پہنچایا۔یوں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading