نئی دہلی: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کشمیر پر کیے گئے دعوے کے بعد سے حزب اختلاف مودی حکومت پر حملہ آور ہے۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے جاگ جانے اور ٹرمپ کے بیان کو جھوٹا قرار دینے کا چیلنج کیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے پیر کی شب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ میٹنگ سے قبل ایک پریس کانفرنس سے کہا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے ان سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے ثالثی کرنے کی پیشکش کی تھی۔
کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹوئٹ کیا، ’’ہمارے وزیر اعظم کب جاگیں گے اور اگر صدر ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں تو کیا وہ اسے جھوٹ قرار دیں گے؟ یا سچ میں وزیر اعظم نے ڈونالڈ ٹرمپ کو ثالثی کی پیشکش کی ہے؟‘‘
Now, ‘Whitehouse’ puts up @POTUS assertion in ‘black & white’ that PM Modi asked him to ‘mediate on Kashmir’!
When will our PM ‘wake up’ & call the bluff if President Trump is lying?
Or
Did PM Modi ask @POTUS to mediate?https://t.co/pFV8gnl6YQ
— Randeep Singh Surjewala (@rssurjewala) July 23, 2019
وہائٹ ہاؤس میں عمران خان کے ساتھ میٹنگ سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’میں دو ہفتہ پہلے وزیر اعظم مودی کے ساتھ تھا، ہم نے اس مسئلہ پر بات کی اور حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے کہا، ’’کیا آپ ثالثی کریں گے؟ میں نے کہا، ’کہاں‘۔ انہوں نے کہا، ’کشمیر میں‘ کیوںکہ کئی سالوں سے چلتا آ رہا ہے۔ میں حیران تھا کہ یہ کتنے سالوں سے چل رہا ہے، جس پر عمران خان نے بیچ میں کہا، ’ 70 سالوں سے‘۔
ٹرمپ نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ وہ (ہندوستان) اسے حل کرنا چاہتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ آپ (پاکستان) بھی اسے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔ اگر میں اس میں تعاون کر پاؤں تو مجھے ثالثی کر کے خوشی ہوگی۔ ‘‘
سرجے والا نے اس دعوے پر وزیر اعظم کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارے وزیر اعظم اس پر خاموش کیوں ہیں ان دونوں کے درمیان کیا بات ہوئی۔ خاص طور پر جب یہ ہماری خود مختاری کو متاثر کرنے والی بات ہے۔ ‘‘
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
