پونے: بھارتی ودیا پیتھ پولیس اسٹیشن نے ایک خستہ ہال مندر کی عمارت کے چھت پر چڑھ کر ایک ریل بنانے کا خطرناک کرتب کرنے پر ایک شخص اور ایک خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔ان دونوں کی شناخت 27 سالہ مہرگاندھی اور اس کی دوست 23 سالہ میناکشی سلنکھے کی حیثیت سے کی گئی۔ جبکہ ریل بنانے والا تیسرا شخص مفرور ہے۔
بھارتیہ ودیاپیتھ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر دشرت پاٹل نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ویڈیو کے بارے میں اطلاع ملنے پر ہم نے تحقیقات شروع کیں اور ان دونوں کا پتہ چلانے میں کامیابی حاصل کی۔ ان دونوں کو کل رات دیر گئے پولیس اسٹیشن طلب کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ہم نے ان پر تعزیرات ہند کی دفعہ 336 اور دیگر دفعات کے تحت الزامات عائد کئے ہیں۔ پاٹل نے بتایا کہ یہ ایک معمولی جرم ہے جس کے لئے 6 مہینہ سے بھی کم کی جیل کی سزا دی جاتی ہے اور جرمانہ کیا جاتا ہے اسی لئے انہیں تحویل میں نہیں لیا جائے گا۔
جاریہ ہفتہ کے اوائل میں پونے کی عوام نے دیکھا کہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی اور ایک نامعلوم ریل بنانے والا شخص ایک سنسان مندر کی چھت پر کرتب دکھا رہے ہیں۔ مہرگاندھی مندر کی چھت کے کنارے لیٹا ہوا تھا اور لڑکی میناکشی ہنستے ہوئے چھت سے نیچے اتری اور اس کا ہاتھ پکڑ کر لٹک گئی اور ہوا میں جھلنے لگی۔
اس عمارت کی بلندی تقریبا 10 منزلہ عمارت کے برابر ہے۔ اگر اس کا ہاتھ پھسل جاتا تو بھیانک انجام ہوسکتا تھا کیونکہ نیچے سڑک پر گاڑیاں تیز رفتاری سے گزر رہی تھیں۔ یہ ریل فوری وائرل ہوگئی اور اس پر عوام نے برہمی ظاہر کی۔
ان دونوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی خطرہ میں ڈالتے ہوئے دوسرے نوجوانوں کیلئے ایک خراب مثال قائم کی۔ پاٹل نے بتایا کہ پولیس تیسرے شخص کو تلاش کررہی ہے جو ریل بنا رہا تھا۔