’ووٹ چوری‘ کے خلاف راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے جو مہم شروع کی ہے، اس نے اب عوامی تحریک کی شکل اختیار کر لی ہے۔ یہ دعویٰ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے خود اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ 24 گھنٹوں کے اندر 15 لاکھ سے زائد حمایت کے سرٹیفکیٹ ڈاؤنلوڈ ہو چکے ہیں اور 10 لاکھ سے زائد مسڈ کال مل چکے ہیں۔ یعنی عوام بڑی تعداد میں ووٹ چوری کے خلاف جاری مہم کا حصہ بن رہی ہے۔
راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ووٹ چوری کے خلاف مہم اب ایک عظیم عوامی تحریک بن چکی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹے میں 15 لاکھ سے زائد حمایت کے سرٹیفکیٹ ڈاؤنلوڈ ہوئے ہیں، 10 لاکھ سے زائد مسڈ کال ملے ہیں۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’یہ ہے آج ہندوستان کی جمہوریت کی حقیقی تصویر، سچائی کی دَبی ہوئی آوازیں، جو ہماری مہم کے ذریعہ بلند ہو کر سامنے آ رہی ہیں۔‘‘
اس پوسٹ میں راہل گاندھی ہندوستانی عوام سے یہ اپیل بھی کرتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنی حمایت کے ساتھ ساتھ جاری فون نمبر پر مسڈ کال بھی دیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’پر جائیں یا پر مسڈ کال دیں۔ ووٹ چوری کا ایک بھی معاملہ چھوٹنے نہ پائے۔ اپنی حمایت برقرار رکھیں اور یہ پیغام ہر کسی تک پھیلائیں۔ آئیے، مل کر جمہوریت کو بچائیں۔‘‘