نئی دہلی ،22جولائی (یواین آئی)ملک میں ورچول کرنسی سے متعلق جائزہ اور مناسب کارروائی کے لیے تشکیل دی گئی بین وزارتی کمیٹی نے اس پر پابندی لگانے اور ملک میں اس سے متعلق سرگرمیوں کو انجام دینے والوں پر جرمانہ لگانے کی سفارش کی ہے ۔
حکومت نے نومبر 2017میں اقتصادی امور کے محکمہ کے سکریٹری کی صدارت میں یہ کمیٹی تشکیل دی تھی ۔کمیٹی میں سکریٹری (الیکٹرانکس اوراطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت )،سیبی کے چیئرمین، اور ریزروبینک کے ڈپٹی گورنر بھی رکن بنائے گئے تھے۔کمیٹی کا مقصدورچول کرنسی کاجائزہ اور مناسب کارروائی سے متعلق سفارش کرنا تھا۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ اور وربیننگ آف کرپٹوکرنسی اینڈ ریگولیشن آف آفیشیل ڈیجیٹل کرنسی بل 2019کا مسودہ حکومت کو پیش کردیاہے ۔کمیٹی کی رپورٹ اور بل کے مسودے کو اقتصادی امور کے محکمہ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیاگیاہے ۔