لندن ۔ 10 ڈسمبر۔ بینک کو 9000 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی اور رقمی ہیر پھیر کے مقدمات میں ماخوذ شراب کے مفرور تاجر وجئے مالیا کو ملک واپس لانے ہندوستان کی کوششوں کو آج زبردست تقویت ملی جب برطانیہ کی ایک عدالت نے شراب کے مفرور تاجر کو ملک بدر کرنے کاحکم دیا.
ویسٹ منسٹر عدالت کی چیف مجسٹریٹ جج ایما اربتھ ناٹ نے کہا کہ ”اُن ( مالیا) کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرنے کی کوئی علامت نظر نہیں آتی “ ۔ جج اربتھ ناٹ نے کہاکہ ”ثبوت پر مجموعی غور و خوض کے بعد اس کا یہی جواب ہے “ ۔
انھوں نے رولنگ دی کہ 62 سالہ مالیا کو ہندوستان کے حوالہ کیا جائے تاکہ وہ وہاں سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ( ای ڈی ) کے مقدمات کاسامنا کرسکیں۔ جج نے قرض کی منظوری کے طریقہ کار اور ان ( قرضوں) کے استعمال کے انداز کی سخت مذمت کی ۔ جج نے رولنگ میں کہاکہ ”اُنھیں (مالیا کو ) ذیابطیس اور قلب کے امراض کے مسائل سے نمٹنے کےلئے مناسب طبی خدمات فراہم کی جائیں ۔ (لیکن ) یہ سمجھ لینے کی قطعی کوئی بنیاد نہیں ہے کہ اُنھیں جیل میں کوئی خطرہ لاحق ہے “ ۔
جج نے کہاکہ ممبئی کی آرتھر روڈ جیل کی کوٹھری نمبر 12 کا ویڈیو دکھایاگیا ہے جہاں مالیا کو رکھا جائے گا ۔ اس ( کوٹھری) کی حال ہی میں آہک پاشی کی گئی ہے ۔ جج اربتھ ناٹ نے حوالگی کا یہ کیس سکریٹری آف اسٹیٹ ساجد جاوید سے رجوع کردیا جو فیصلہ کی بنیاد پر حکومت کے احکام جاری کریں گے ۔ سی بی آئی کے ترجمان نے نئی دہلی میں جاری کردہ ایک بیان میں برطانوی عدالت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔