نیپال میں عام انتخاب کی تاریخ کا اعلان ہو گیا ہے۔ صدر رام چندر پوڈیل کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ پارلیمانی انتخاب 5 مارچ 2026 کو ہوں گے۔ یہ فیصلہ نو منتخب عبوری وزیر اعظم سوشیلا کارکی کی سفارش پر لیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ صدر پوڈیل نے ’جین-زی‘ گروپ کے مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے 12 ستمبر کو موجودہ پارلیمنٹ تحلیل کر دی تھی اور نیپال کی سابق چیف جسٹس سوشیلا کارکی نے ملک کی عبوری وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا تھا۔ وہ نیپال کی پہلی خاتون وزیر اعظم بھی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے مطابق عبوری وزیر اعظم سوشیلا کارکی 14 ستمبر کو ایک چھوٹی کابینہ تشکیل دیں گی۔ کارکی خود وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سمیت تقریباً 2 درجن وزارت کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔ صدر دفتر کے ذرائع کے مطابق سوشیلا کارکی 14 ستمبر کو اپنا چارج سنبھال لیں گی اور کچھ وزراء کو شامل کر کے کابینہ تشکیل دی جائے گی۔
واضح ہو کہ جین-زی کے پُرتشدد احتجاج کے دوران نیپال حکومت کے ہیڈ کوارٹر ’سنگھ دربار‘ کو نذر آتش کر دیا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ’سنگھ دربار‘ کے احاطہ میں ہی وزارت داخلہ کے لیے نئی تعمیر شدہ عمارت کو وزیر اعظم کے دفتر کی شکل میں تیار کیا گیا ہے۔