ناندیڑ:23۔جولائی۔ (ورق تازہ نیوز)بڑے افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دی جارہی ہے کہ نیشنل آئی ٹی آئی ناندیڑ کی مجلس انتظامیہ کے صدر محمدسلیم الدین ولد محمد علیم الدین ‘ موظف ڈپٹی انجینئر محکمہ ایریگیشن ناندیڑ کا آج 23 جولائی کی صبح تین بجے ایم جی ایم اسپتال اورنگ آباد میںانتقال ہوگیا ۔وہ چنددنوں سے اس اسپتال میںزیرعلاج تھے ۔
ان کی نماز جنازہ اورنگ آباد میں ادا کی گئی اور وہیں کے قبرستان میںتدفین عمل میں آئی ۔ 78سالہ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ محترمہ‘تین لڑکے اور پانچ لڑکیاں ہیں۔ محمد سلیم الدین خاموشی کے ساتھ تعلیمی خدمات انجام دے رہے تھے ۔ نیشنل آئی ٹی آئی جس کے وہ صدر تھے یہاں سے کئی مسلم اورغیر مسلم طلبا تعلیم حاصل کرکے ملک اور بیرون ملک میں برسر روزگار ہیں ۔مرحوم کم گفتار ‘ہمدرد ملت ‘ خوش اخلاق اورملنسار شخص تھے ۔
ادارہ ”ورق تازہ“ مرحوم کے پسماندگان کے غم میں برابر کاشریک ہے ۔پروردگار عالم سے دعاگو ہے کہ انھیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبرجمیل عطاءکرے۔ آ ج جیسے ہی محمدسلیم الدین کے انتقال کی خبرناندیڑ پہونچی نیشنل آئی ٹی آئی کے تدریسی اورغیرتدریسی اسٹاف ممبران نے ایک تعزیتی اجلاس منعقدکرکرکے انھیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ ان کےلئے دعائے مغفرت کی ۔