شیوسینا نے منگل کے روز بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹ بندی کی چوتھی برسی منانا ان لوگوں کی قبروں پر کیک کاٹنے کے مترادف ہے جو اس کی وجہ سے برباد ہوئے ہیں اور ان میں سے کئی لوگوں نے خودکشی کرلی تھی۔ شیو سینا نے اپنے اخبار سامنا کے اداریے میں 2016 میں کی گئی نوٹ بندی کے فیصلے کو ہندوستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیا ہے۔
پارٹی نے دعویٰ کیا کہ نوٹ بندی اور سامان اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی)کے نفاذ سے ملکی مفادات کو نقصان پہنچا ہے۔
سامنا نے لکھا کہ فیصلے ( نوٹ بندی ) پر جشن منانا ، جس کی وجہ سے کئی لوگوں کی موت ہوگئی تھی ، خودکشیاں کی گئی تھیں اورکاروباروں اور صنعتیں تباہ ہو گئی تھیں ، ویسا ہی ہے جیسا ان لوگوں کی قبر پر کیک کاٹنا۔
قابل ذکر ہے کہ 8 نومبر 2016 کو ، 500 اور 1000 روپے کے پرانے نوٹ بند کرنے کے فیصلے کی چوتھی برسی کے موقع پر ، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس سے کالے دھن کو کم کرنے اور شفافیت لانے میں مدد ملی۔