نا ندیڑ:10جولائی( ورق تازہ نیوز) شہر کے معروف علاقے دیگلور ناکہ پر سال 2008 میں تعمیر کیا گیا فوٹ اوور بریج عوامی سہولت کے لیے بنایا گیا تھا تاکہ شہری بغیر کسی خطرے کے سڑک پار کر سکیں۔ تاہم وقت کے ساتھ اس کا استعمال نہایت محدود ہو گیا اور شہریوں نے اسے نظر انداز کرنا شروع کر دیا۔یہ غفلت اس حد تک بڑھ گئی کہ یہ بریج آوارہ گردوں ، شراب نوشوں، جو اکھیلنے والوں اور نشہ آور اشیاءاستعمال کرنے والوں کا مرکز بن گیا۔
رات کے وقت یہاں پر غیر اخلاقی حرکات، چھیڑ چھاڑ اور جرائم پیشہ سر گر میاں عام ہو چکی تھیں، جس سے خواتین اور راہگیروں میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔مقامی عوام کی شکایات اور بریج کی خستہ حالت کو دیکھتے ہوئے مہا نگر پالیکا نے اسے خطرناک قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بریج کے ڈھانچے میں دراڑیں آگئی تھیں اور وہ کسی بھی وقت گر سکتا ہے، جو کہ ایک بڑے حادثے کو جنم دے گا۔
عوامی تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فوٹ اوور بریج پر آمد ورفت بند کر دی ہے۔ فی الحال اس کے مکمل انہدام یا مرمت کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے منصوبے بہتر نگرانی، مناسب دیکھ بھال اور بر وقت مرمت کے تحت ہی جاری رکھے جائیں تاکہ عوامی سرمایہ اور سلام رسلامتی دونوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔