نا ندیڑ:3جولائی( ورق تازہ نیوز)ممبئی میونسپل کارپوریشن کے مشہور جملے ”سونو، تجھے میونسپلٹی پر بھروسہ نہیں کیا؟“ جیسا طنز اب ناندیڑ کے عوام کی زبان پر آ گیا ہے۔ شہر کی بیشتر سڑکیں ادھوری کھدی ہوئی پڑی ہیں اور کچھ مقامات پر کھڈے ہی کھڈے نظر آتے ہیں۔ ان حالات کی وجہ سے ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ اس پر عوام یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ ”ناندیڑ کے انتظامیہ پر بھروسہ نہیں کیا؟“
اطلاعات کے مطابق شہر میں نکاسی? آب کی لائن بچھانے اور دیگر ترقیاتی کاموں کی وجہ سے سڑکیں بری طرح کھود دی گئی ہیں، مگر کام کی رفتار انتہائی سست ہے۔ جگہ جگہ مٹی کے ڈھیر اور کھڈے شہریوں کی پریشانی بڑھا رہے ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ کام شروع ہونے کے بعد انتظامیہ کی کوئی نگرانی یا منصوبہ بندی نظر نہیں آتی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی کھدائی کے بعد ان کی مرمت میں مہینوں لگ جاتے ہیں، جس سے کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے اور روزانہ کے سفر میں عوام کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔دوسری طرف، بجلی سپلائی کی صورتحال بھی خراب ہے۔
آئے دن غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور عوام شدید گرمی میں پریشان ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ نئے علاقوں میں تین تین دن تک پانی کی سپلائی بھی بند رہتی ہے، جس پر شہریوں نے شدید ناراضگی ظاہر کی ہے۔ٹریفک جام، گرد و غبار، اندھیری گلیاں، گندہ پانی، کھڈے اور اکھاڑی گئی سڑکیں — یہی آج ناندیڑ شہر کی شناخت بنتی جا رہی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو اس پر فوری توجہ دینی چاہیے، ورنہ عوام کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔