ناندیڑ: گوشت کی اسمگلنگ ،دو افراد گرفتار ، پولس کی گاڑی بھی الٹ گئی

ناندیڑ:( ورق تازہ نیوز)گئوونش کے گوشت کی اسمگلنگ کرنے والی ایک چار پہیہ گاڑی کا پیچھا کرتے وقت پولیس کی گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ گزشتہ روز ہفتہ کو مدھکھیڑ تعلقہ کے بارڈ گاؤں کے تورنا تانڈا علاقے میں پیش آیا۔ زخمی اہلکاروں کے نام داداراؤ شریرامے، پرمیشور شری منگلے اور جینے واڑ بتائے گئے ہیں۔

واقعہ کے کچھ ہی دیر بعد شہریوں کی مدد سے پولیس نے مشتبہ گاڑی کو ضبط کر لیا۔ اس دوران کار میں رکھے پانی کے جار میں سے گوشت برآمد ہوا۔ پولیس نے اس معاملے میں دو افراد کو حراست میں لینے کی اطلاع دی ہے۔

بارڈ ہائی وے پر پولیس چیک پوسٹ موجود ہے، جہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کی جانچ کی جاتی ہے۔ گزشتہ روز ہفتہ کی دوپہر تلنگانہ نمبر پلیٹ والی کار نمبر TS 16 EP 2002 بارڈ ہائی وے سے گزر رہی تھی۔ پولیس کو یہ گاڑی مشتبہ لگی، جس پر ڈرائیور کو گاڑی سائیڈ میں لگانے کو کہا گیا۔ اس دوران کار کے پچھلے ڈِکی سے خون ٹپکتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس نے پوچھ گچھ کی تو ڈرائیور گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔ اسی وقت بارڈ مدد مرکز پر تعینات اہلکار داداراؤ شریرامے، پرمیشور شری منگلے اور جینے واڑ نے فوراً پولیس گاڑی سے اس کا پیچھا شروع کیا۔

پیچھا کرتے ہوئے تورنا تانڈا روڈ پر پولیس کی گاڑی الٹ گئی، جس میں پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ انہیں شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسپتال میں علاج جاری ہے۔اس دوران، تورنا تانڈا میں موجود شہریوں کی مدد سے پولیس نے مشتبہ کار کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ تلاشی لینے پر کار میں رکھے پانچ سے چھ پانی کے جار میں تقریباً ایک سو پچیس کوئنٹل گائے کا گوشت برآمد ہوا۔ پولیس نے گاڑی سمیت دو ملزمان کو حراست میں لینے کی اطلاع دی ہے۔ اس معاملے میں بارڈ پولیس تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

گاؤ کشی پر پابندی کے باوجود گائے کے گوشت کی اسمگلنگ جاری ہے، اور شک سے بچنے کے لیے اسمگلروں کی جانب سے طرح طرح کے طریقے اپنائے جا رہے ہیں۔ کل کا واقعہ اسی کی ایک واضح مثال ہے۔ اس واقعے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading