ایڈوکیٹ ارشد نائیک و سینئر ایڈوکیٹ محمد منیرالدین کی کامیاب پیروی
ناندیڑ:25 ستمبر۔(نامہ نگار) مرکزی حکومت کی جانب سے مسلم خواتین تحفظ کے نام پر بنائے گئے ”تین طلاق مخالف قانون “ کے تحت ناندیڑ ضلع میں 2ستمبر 2019کو شہر کے وزیرآباد پولیس اسٹیشن میںسیکشن4، 498،323، 504 ،34IPC دفعات کے تحت پہلا مقدمہ درج کیاگیا۔ اس معاملے میں میاں بیوی کے معمولی تنازعہ کے بعد ملزم پر اس کی اہلیہ اور اہل خانہ بیک وقت تین طلاق دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے معاملات درج کروائے۔
اس مقدمہ میں ملزم کی پیروی کررہے ایڈوکیٹ ارشد نائیک نے کورٹ کے سامنے ٹھوس دلیلیں پیش کرتے ہوئے پہلے 5 ستمبر 2019کوانٹریم بیل دلوائی ، اور پھرکامیاب پیروی کرتے ہوئے 23ستمبر 2019کو ملزم کو دائمی طور پر گرفتاری قبل از ضمانت پر رہا کروایا۔ اس معاملے میں ایڈوکیٹ ارشد نائیک کو ایڈوکیٹ محمد منیرالدین ،ایڈوکیٹ رحمت گیگانی ، ایڈوکیٹ الیاس نائیک کی مدد حاصل رہی ۔ طلاق ثلاثہ جیسے مسلم مخالف قانون پر ملزم کو باعزت بری کروانے پر ملزم کے اہل خانہ و شہر کے معزز افراد نے ایڈوکیٹ ارشد نائیک کے دفتر پہنچ کر ان کا استقبال اور گلپوشی کی .
۔گلپوشی کرنے والوں میںشہر کی معروف سماجی شخصیت سلام چاول والا، عبدالقدیر چاول والا، محمد گلاب ، چاند کشش، عبدالرحمن ، محمد عبید ، محمد عرفان ، مستحدودیگر موجود رہے۔ تین طلاق سے متعلق بل پر صحافیوں کو گفتگو کرتے ہوئے ایڈوکیٹ ارشد نائیک و ایڈوکیٹ محمد منیر الدین نے بتایا کہ مذکورہ بل خواتین کے لئے انتہائی نقصاندہ ہے ، اس قانون میں ”برڈن آف پروف“ کی پوری ذمہ داری خاتون پر عائد کی گئی ہے ، اس لئے یہ قانون خواتین کو انصاف دلانے کےلئے ناکافی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے معاملات میں کورٹ سے رجور ع ہونے کے بجائے معاشرے میں چل رہی سماجی تنظیموں سے رجوع ہونا خواتین کے لئے زیادہ مناسب ہوسکتا ہے۔