ناندیڑ: 12 فروری( ورق تازہ نیوز)
شہر کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے پین گنگاڈیم سے 2 ٹی ایم سی پانی چھوڑنے کا حکم ضلع کلکٹر ارون ڈونگرے نے دیا ہے۔ یہ پانی متبادل پانی سپلائی اسکیم کے تحت شہر کو مہیا کرایا جائے گا ناندیڑ شہر کے لیے وشنو پوری ڈیم میں 30 ٹی ایم سی ‘ پین گنگا ڈیم میں 15 ٹی ایم سی پانی محفوظ رکھا گیا ہے۔جس میں سے 2ٹی ایم سی پانی اس سے قبل ہی کارپوریشن نے حاصل کر لیا ہے۔ وشنو پوری ٹیم کی سطح آب میں تیزی سے کمی آ رہی ہے اس لئے اپریل ماہ کے بعد پانی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔اسی لئے پین گنگا کا پانی ناندیڑکو مرحلہ وار فراہم کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں پانی دینے کا حکم 11 فروری کو ضلع کلکٹر نے دیا ہے اس لئے آئندہ 2دنوں میں یہ پانی سانگی پشتہ تک پہنچ جائے گا ۔جہاںسے کابرا نگر تقطیر آب پروجیکٹ میں لایاجائے گا۔ااور پھر ناندیڑ شمال کے کچھ علاقوں میں پین گنگا ڈیم کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ یہ پانی تقریبا ایک ماہ تک مذکورہ علاقوں میں قابل استعمال رہے گا۔فی الحال پین گنگاسے کارپوریشن کو 15 ٹی ایم سی میں سے چار ٹی ایم سی پانی دیا گیا ہے اور بقیہ 11 ٹی ایم سی پانی ضرورت کے مطابق دیا جائے گا اس طرح کی اطلاع کارپوریشن کے سربراہی آب کے ایگزیکٹیو انجینئر اندھارے نے دی ہے۔