ناندیڑ کے ذیلی رجسٹرار دفاتر میں غیر مجاز دلالوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ

ناندیڑ: (ورق تازہ نیوز)ناندیڑ شہر کے ذیلی رجسٹرار (رجسٹری) دفاتر کے احاطے میں غیر مجاز دلالوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور شہریوں سے مختلف کاموں کے لیے مبینہ طور پر زائد رقم وصول کیے جانے کے معاملے میں فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ صحافی سید منیر نے اس سلسلے میں مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ محصولات چندرشیکھر باونکولے کو یادداشت پیش کرتے ہوئے معاملے کی فوری جانچ اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ہے۔

یادداشت میں کہا گیا ہے کہ ذیلی رجسٹرار دفاتر کے اطراف بڑی تعداد میں غیر مجاز افراد کا مبینہ طور پر آنا جانا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مختلف سرکاری کارروائیوں کے لیے دلالوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ اس صورتحال سے شہریوں کو مالی اور ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ سرکاری کام کاج میں شفافیت پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

یادداشت میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس معاملے میں اس سے قبل بھی متعلقہ افسران کو تحریری طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے، تاہم اب تک کوئی ٹھوس کارروائی نہ ہونے کے باعث دوبارہ حکومت کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔

سید منیر نے مطالبہ کیا ہے کہ ذیلی رجسٹرار دفاتر کے احاطوں کی مکمل جانچ کی جائے، غیر مجاز دلالوں کی سرگرمیوں پر فوری روک لگائی جائے اور دفاتر میں مؤثر سی سی ٹی وی نگرانی کا انتظام کیا جائے۔ اس کے علاوہ شہریوں کو سرکاری خدمات براہِ راست، آسان اور شفاف طریقے سے فراہم کی جائیں۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ رجسٹریشن کا مکمل طریقۂ کار، سرکاری فیس اور ضروری دستاویزات کی تفصیلات دفاتر میں نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں، تاکہ شہریوں کو دلالوں کے ذریعے کام کروانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

سید منیر نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری ضروری ہدایات جاری کرے گی اور ناندیڑ کے شہریوں کو اس پریشانی سے راحت ملے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading