ناندیڑ میں محکمہ موسمیات کا انتباہ ,تین دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری

ناندیڑ، 22 اپریل: (ورق تازہ نیوز)علاقائی محکمہ موسمیات، ممبئی کی جانب سے جاری کردہ تازہ اطلاع کے مطابق ضلع ناندیڑ میں 22، 23 اور 25 اپریل 2026 کو یلو الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ ان دنوں کے دوران ضلع کے مختلف مقامات پر 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی چلنے، آسمانی بجلی کی کڑک اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ضلعی انتظامیہ نے اس ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ محکموں اور عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔


احتیاطی تدابیر:اگر آسمان پر بجلی چمک رہی ہو تو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ کھلی جگہ پر ہونے کی صورت میں اگر کوئی محفوظ عمارت دستیاب نہ ہو تو نشیبی جگہ پر بیٹھ جائیں اور سر کو گھٹنوں کے درمیان رکھیں۔ فوراً کسی محفوظ عمارت میں پناہ لیں اور بالکونی، چھت یا گھر کے باہر کھڑے نہ رہیں۔گھر میں موجود برقی آلات فوراً بند کر دیں اور بجلی کے کھمبوں، تاروں یا دھاتی اشیاء سے دور رہیں۔ پانی میں کھڑے ہوں تو فوراً باہر نکل آئیں۔


کن باتوں سے پرہیز کریں:بجلی کی گرج کے دوران لینڈ لائن فون استعمال نہ کریں، نہ ہی شاور کے نیچے نہائیں۔ پانی کی پائپ لائن، نل یا برقی آلات کو ہاتھ نہ لگائیں۔ آندھی اور گرج چمک کے دوران دھاتی ڈھانچوں، خیموں یا شیڈ میں پناہ نہ لیں اور نہ ہی اونچے درختوں یا میناروں کے قریب کھڑے ہوں۔گھر کے اندر ہونے کی صورت میں کھلی کھڑکی یا دروازے سے بجلی گرتے ہوئے دیکھنے سے بھی گریز کریں کیونکہ یہ بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ْ
رہائشی ڈپٹی کلکٹر کرن امبیکر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں اور اپنی و اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading