ناندیڑ:9اکتوبر(ورقِ تازہ نیوز) مرکزی میلاد کمیٹی نے بروز اتوار 9اکتوبر کو ناندیڑ شہر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ایک جلوس کا اہتمام کیا۔
یہ جلوس نظامی کالونی سے سری نگر، شیواجی نگر، کالا مندر، سرکاری اسپتال، گاندھی پتلہ، مہاویر چوک، گردوارہ چوک، پرانا مونڈھا، ایم۔ جی۔ روڈ، محمد علی روڈ سے ہوتا ہوا میلاد گراونڈ پہنچ کر ایک جلسہ میں تبدیل ہوگیا۔
یہاں علماءاہل سنت مفتی تراب الدین رضوی، مفتی مرتضیٰ مصباحی، مفتی منشاد اور اطہر مولانا وغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ جلوس و جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی۔
شہر کے مختلف مقامات پر شربت، مٹھائی کا اہتمام کیا گیا ۔ نیز سنی علمائے کرام کا استقبال کیا گیا۔جلوس کے پر امن انعقاد کے مدنظر ناندیڑ پولیس انتظامیہ نے سخت بندوبست کیا اور میونسپل انتظامیہ نے مختلف سہولیات فراہم کی۔ جس پر مرکزی میلاد کمیٹی کے صدر رفیق اشرف والا و سیکریٹری ایڈوکیٹ ایوب الدین جاگیردار نے شکریہ ادا کیا۔
کمیٹی ممبران حاجی احمد سیٹھ، عبدالرزاق، حاجی حارث، منا حکیم، محمد پیر، عبدالمجیب، سلیم گیگانی وکیل اور دیگر ٹرسٹیز نے جلوس میں بھرپور محنت کی۔عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیے گئے اور دیگر کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا گیا۔