ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے ماسٹر پلان کے سلسلے میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ہیمنت پاٹل کی ملاقات

نا ندیڑ:14جون( ورق تازہ نیوز) ناندیڑ-واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے آئندہ 25 برسوں کے ترقیاتی منصوبے (ماسٹر پلان) کی تیاری اور اس کے لیے مجاز ادارہ تشکیل دینے کے مقصد سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرنے کی مانگ شیوسینا کے سینئر لیڈر اور ریاست کے مقبول نائب وزیر اعلیٰ جناب ایکناتھ شندے سے، معزز رکن پارلیمان ہمنت پاٹل نے کی ہے۔

اس موقع پر رکن اسمبلی بابوراو کدم کوہلیکر اور رکن اسمبلی آنند راو بونڈھارکر بھی موجود تھے۔مرہٹواڑہ میں اورنگ آبادکے بعد ناندیڑ کو ایک اہم شہر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ فی الوقت شہر کی آبادی 10 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جس کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں توسیع کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ شہر کے آس پاس 20 کلومیٹر کے دائرے میں بڑے پیمانے پر پلاٹنگ کی جا رہی ہے، لیکن ان علاقوں میں شہری ترقیاتی محکمہ کے اصولوں کے مطابق نہ تو سڑکیں چھوڑی گئی ہیں، نہ پارکنگ کے لیے جگہیں دستیاب ہیں، نہ ہی کھیل کے میدان یا باغات کے لیے مختص زمین رکھی گئی ہے۔

اس کے نتیجے میں شہر کے اطراف دیہی طرز کا ایک بےترتیب اور غیرمنظم علاقہ بن گیا ہے۔مزید یہ کہ مختلف مقامات پر بلااجازت اور بےقابو تعمیرات جاری ہیں، جس کی وجہ سے ناندیڑ شہر کا چہرہ بدنما ہوتا جا رہا ہے۔ ناندیڑ کو تاریخی شہر کے طور پر پہچانا جاتا ہے، لیکن ان مسائل کی وجہ سے اس کی شناخت پر دھبہ لگ رہا ہے۔اس سے قبل بھی ناندیڑ کے ایک وفد نے، معزز رکن پارلیمان ہمنت پاٹل کی رہنمائی میں نائب وزیر اعلیٰ جناب ایکناتھ شندے سے ملاقات کی تھی۔

اس وقت جناب شندے نے مثبت رویہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو فوری اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اب ایک بار پھر اس معاملے پر ان سے ملاقات کی گئی اور آئندہ 25 سال کے ترقیاتی خاکے (ماسٹر پلان) کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں