ناندیڑ:ناندیڑ پولیس کی بھاگیہ نگر پولیس اسٹیشن کی کرائم ڈیٹیکشن ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک موبائل چور کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 8 چوری شدہ موبائل فون برآمد کیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 71 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے۔
یہ کارروائی بھاگیہ نگر پولیس اسٹیشن میں درج جرم نمبر 53/2026، دفعہ 303(2) بی این ایس کے تحت عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی 31 جنوری 2026 کو رات 9 بج کر 5 منٹ پر درج مقدمے کی تفتیش کے دوران کی گئی، جبکہ ملزم کو 1 فروری 2026 کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت ناگیش عرف لڈّیا پُتر اُتمراو لڈے (عمر 25 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع ناندیڑ کے تعلقہ اَردھاپور کے گاؤں ماڈلا کا رہائشی ہے اور بے روزگار بتایا جا رہا ہے۔
پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص چھترپتی چوک، ناندیڑ میں چوری کے موبائل فروخت کرنے کے لیے موجود ہے۔ اس اطلاع پر بھاگیہ نگر کرائم ڈیٹیکشن ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا اور مشتبہ شخص کو تحویل میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے 8 موبائل فون برآمد ہوئے۔ جب اس سے موبائل کی ملکیت سے متعلق دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ کوئی بھی کاغذات پیش نہ کر سکا۔
پولیس اسٹیشن لا کر تفصیلی پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے تمام موبائل چوری کے ہونے کا اعتراف کیا۔ جانچ میں یہ بھی سامنے آیا کہ ان میں سے دو موبائل بھاگیہ نگر پولیس اسٹیشن میں درج اسی مقدمے سے متعلق ہیں۔
ملزم کے خلاف باقاعدہ گرفتاری کی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ مزید تفتیش پولیس کانسٹیبل عدنان خان پٹھان (بیج نمبر 932) کر رہے ہیں۔یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ جناب اویناش کمار، ایڈیشنل ایس پی محترمہ ارچنا پاٹل (بھوکَر)، ایڈیشنل ایس پی سورج گُرو اور ڈی وائی ایس پی رامیشور وینجنے کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔
پولیس انسپکٹر سنتوش تامبے، پولیس انسپکٹر (کرائم) مہیش مالی اور کرائم ڈیٹیکشن ٹیم کے تمام افسران و اہلکاروں نے اس کامیاب کارروائی میں حصہ لیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ جناب اویناش کمار نے اس شاندار کارروائی پر ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔