ناندیڑ:4دسمبر ( ورقِ تازہ نیوز) شہر کے آنند نگر علاقہ میں بدھ کی صبح پانچ بجے کے قریب ایک شدید آگ لگ گئی۔ اس آگ میں ایک ہوٹل، ہوسٹل، موبائل شاپ اور آئل شوروم کو نقصان پہنچاہے۔یہ واقعہ وہاں سڑک پرموجودبرقی پول پرشارٹ سرکٹ کے باعث رونما ہوا ۔ اس آتشزدگی میں ایک نجی ہوسٹل میں 70 لڑکیاں پھنس گئی تھیں۔ تاہم میونسپل کارپوریشن کی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے فوری طور پر پہنچ کر تمام لڑکیوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ اس کی وجہ سے لڑکیوں کی جان بچ گئی۔آگ بدھ کی صبح پانچ بجے آنند نگر کے مرکزی سڑک پر واقع نیویدیم ہوٹل اور جی وی سی موبائل شاپ میں لگی۔
اس آگ نے تھوڑی دیر میں وحشت ناک شکل اختیار کر لی۔ اس میں نیویدیم ہوٹل کی اوپر کی منزل پر واقع ویشنوی لڑکیوں کے ہوسٹل کو بھی آگ نے گھیر لیا۔ ساتھ ہی اس عمارت کے بائیں طرف واقع جی وی سی موبائل شاپ تک بھی آگ پہنچ گئی۔ موبائل شاپ کا سی سی ٹی وی کیمرہ اور شٹر جل کر خاک ہو گئے۔ موبائل شاپ کے بائیں طرف شری مہالکشمی آئل شوروم تھا جو ایک بڑا اسٹور تھا۔ اس دکان کا شٹر اور سامنے کی چھت بھی آگ میں جل گئے۔اس دوران میونسپل کارپوریشن کی فائر بریگیڈ کو آگ کی اطلاع ملتے ہی M.H. 26 CH 1479نمبر کی گاڑی سمیت فائر آفیسر کیروجی داسرے، کامبلے، ساجد، گیتے، شیدی، نرواڑے اور دیگر فائر بریگیڈ کے جوان فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
اس آگ کو بجھاتے ہوئے فائر فائٹرز نے نیویدیم ہوٹل کی اوپر کی منزل پر پھنسے ویشنوی مرلی کے ہوسٹل سے فوراً 70 لڑکیوں کو بحفاظت نکال لیا۔ اس سے ان لڑکیوں کی جان بچ گئی۔ اسی دوران نیویدیم ہوٹل سے 8 گیس سلنڈرز بھی بروقت باہر نکالے گئے، جس سے دھماکہ نہیں ہوا اور مزید کسی سانحہ سے بچا جا سکا۔اس خوفناک آگ میں جی وی سی موبائل شاپ میں 15 سے 20 لاکھ روپئے کا سامان اور مہالکشمی آئل شوروم میں 30 سے 40 لاکھ روپئے کا سامان بچا لیا گیا۔
تاہم ہوٹل، ہوسٹل، موبائل شاپ اور آئل شوروم کا لاکھوں ر وپئے کا نقصان ہوا۔ اس آگ کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔ اس وقت جب یہ آگ لگے تھی، ان تمام مقامات سے آگ کے شعلے دور دور تک نظر آ رہے تھے، جس سے علاقہ میں کچھ وقت کے لیے خوف کا ماحول پھیل گیا تھا۔ تاہم کچھ دیر بعد آگ قابو میں آ گئی اور شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔