ممبئی: 15نومبر۔(ورقِ تازہ نیوز)مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدراشوک چوہان نے کہا کہ کانگریسی کارکنان کی یہ خواہش ہے کہ میں ناندیڑ سے پارلیمانی انتخابات میں حصہ نہ لوں۔ لیکن اس تعلق سے پارٹی کا ہائی کمان جو فیصلہ کرے گا، اوروہ ذمہ داری مجھے دے گا، میں اسے پورا کرونگا۔ آج تلک بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کااظہار کیا ۔ ریزرویشن کے بارے میں انھوں نے کہاکہ بیک ورڈ کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد اس کی سفارشات کو عام کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔ آج تلک بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیک ورڈ کمیشن کی رپورٹ آگئی ہے، لیکن اس میں کیا سفارشات کی گئی ہیں؟ یہ ابھی تک واضح طور پر سامنے نہیں آسکا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ رپورٹ کی سفارشات کو جلد ازجلد سامنے لایا جائے اور اس پر فوری طور پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کے معاملے میں حکومت نے ہمیشہ ہی ٹال مٹول کا رویہ اپنا یا ہے ، چاہے وہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کی بات ہو یا مسلمانوں کو۔ مسلمانوں کے معاملے میں تو اس حکومت نے حد درجہ متعصبانہ رویہ اپنایا ہے کہ عدالتی منظوری کے باوجود اس نے مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں دیا۔ اب جبکہ بیک ورڈ کمیشن کی رپورٹ آگئی ہے، حکومت کو چاہئے کہ اس کی سفارشات عام کرنےکے ساتھ ساتھ جلد ازجلد اس پر عمل کرے نیز مراٹھا ریزرویشن کے ساتھ مسلمانوں کے ریزرویشن پر بھی مثبت فیصلہ کرے۔