ناندیڑ:گوداوری ندی سے غیر قانونی ریت نکالنے والے ریت مافیا کے خلاف بڑی کارروائی

ناندیڑ، یکم جون: ناندیڑ ضلع پولیس نے آپریشن کریک ڈاؤن” کے تحت گوداوری ندی کے پٹ سے غیر قانونی طور پر ریت نکالنے اور اس کی نقل و حمل میں ملوث ریت مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ 15 لاکھ 65 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا ہے۔ اس معاملے میں 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ شری اویناش کمار کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی معدنیات (ریت) کی کانکنی اور نقل و حمل کے خلاف خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔

اسی سلسلے میں ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر سومکانت چنچولکر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر 31 مئی کی رات تقریباً 10:10 بجے گنگا بیٹ علاقے میں گوداوری ندی کے پٹ پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔کارروائی کے دوران پولیس نے دو ہائیوا گاڑیاں، ایک ٹریکٹر اور ٹرالی، دو بڑی لوہے کی کشتیاں، دو فائبر کشتیاں، 52 تیرتے ہوئے پلیٹ فارم (ترافے)، 11 انجن اور 104 براس ریت ضبط کی۔

ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ 15 لاکھ 65 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران کچھ ریت مافیا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم پولیس نے پانچ نامزد اور پانچ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ نامزد ملزمان میں بالاجی اشوک سانگلے (برامنی)، بلی رام گووردھن چوہان (تیبوٹی تانڈا)، اشوک مورے (سونکھیڈ) اور اتل پربھاکر گچے (جوالا) شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 303(2) اور 3(5)، مہاراشٹر لینڈ ریونیو ایکٹ کی دفعات 48(7) اور 48(8) نیز ماحولیاتی تحفظ ایکٹ کی دفعات 9 اور 15 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے کارروائی کے دوران ندی میں استعمال ہونے والے غیر قانونی آلات اور ریت نکالنے کے وسائل کو موقع پر ہی تباہ کر دیا۔ اس کامیاب کارروائی پر پولیس سپرنٹنڈنٹ شری اویناش کمار نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی ستائش کی ہے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی ریت کانکنی اور نقل و حمل کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading