ناندیڑ:وقف بورڈ کی جگہ منتقل کرنے کے معاملہ میں دلّی سوئٹس کے خلاف مقدمہ درج

ناندیڑ:6اگست ( ورقِ تازہ نیوز)قدیم شہر ناندیڑ کے برقی چوک میں واقع وقف بورڈ کی ملکیت دلّی سوئٹس اس دکان کو غیر قانونی طور پر منتقل کرنے کے معاملہ کا انکشاف ہونے کے بعد ناندیڑ کے کارگزار وقف آفیسر محمد ریاض الدین محمد غیاث الدین کی شکایت پر محمد ایوب ولد محمد خواجہ اور محمد علی خان ولد غوث خان قادری کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ برقی چوک میں یتیم شاہ میاں عاشور خانہ و درگاہ کی جگہ ہے۔

اس جگہ میں دلّی سوئٹس واقع ہے جو کرایہ کی بولی میں زائد بولی لگانے والے کو تین سال کے لیے کرایہ پر دی گئی۔ اس جگہ کا اندراج وقف بورڈ میں ہے۔ سال 2023ءمیں اس دُکان کے کرایہ کا معاہدہ ہوا، جس کے مطابق سب سے زیادہ تین لاکھ روپئے گیارہ ہزار روپئے کی بولی لگانے والے کو تین سال کے لیے یہ دُکان دی گئی اور وقف بورڈ نے اس طرح کے احکام بھی جاری کیے، لیکن دلّی سوئٹس کو چلانے والوں نے دکان خالی نہیں کی۔

اس ضمن میں وقف بورڈ نے تفتیش کی تو پتہ چلا کہ محمد ایوب محمد خواجہ اور محمد علی خان قادری ولد غوث خان قادری نے مل کر یہ دکان 19 لاکھ 30 ہزار روپئے دوسرے کو منتقل کردی۔ 100 روپئے کے بانڈ پیپر پر یہ معاہدہ ہوا تھا، جس کے بعد وقف بورڈ نے مذکورہ دونوں افراد کو نوٹسیں بھی جاری کیں۔ لیکن انہوں نے اس کی کوئی وضاحت نہیں کی۔

اس لیے بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایم بی تاشلدار نے تفتیش کے اختتام پر دلّی سوئٹس کو چلانے والے اور دیگر دونوں افراد کے خلاف پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کی بناءپر وزیر آباد پولیس اسٹیشن میں مقدمہ کا اندراج عمل میں آیا ہیے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading