ناندیڑضلع میں مذبحہ خانے سے گائے کاگوشت ضبط کرنے کادعویٰ

دھرم آباد:19اکتوبر ( ورقِ تازہ نیوز)دھرم آباد کے آندھرا بس اسٹیشن کے علاقے میں واقع ایک مذبح خانے پر میونسپل کونسل اورپولیس کی ایک ٹیم نے بدھ کی صبح چھاپہ مارا اور غیر قانونی طور پر فروخت کیا جا رہا 56 کلو گائے کا گوشت ضبط کرنے کادعویٰ کیاہے۔ اس معاملے میں چار افرادکے خلاف پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری تھی۔

مذکورہ مذبح کومیونسپل کونسل نے سیل کر دیا ہے۔کچھ شہریوں کی جانب سے میونسپل کونسل، محکمہ پولیس اور تحصیلدار سے شکایت کی گئی تھی کہ دھرم آباد کے آندھرا بس اسٹینڈ علاقے میں عقب میں واقع سلاٹر ہاو¿س میں غیر قانونی طور پر گائے کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔

اس بنیاد پر آج بدھ 19اکتوبر کو صبح تقریباً دس بجے میونسپل کونسل کے صفائی کارکن منوہر تنگلوار اور ان کے ساتھیوں نے پولیس کے ساتھ مذبح خانے پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی طور پر فروخت ہونے والے 56 کلو گائے کا گوشت ضبط کیا۔ اس معاملے میں شہرمیونسپل کونسل کی جانب سے بابا قریشی ایم۔ قریشی، جنید قریشی اے۔ قریشی، لطیف قریشی اے راشد، ظفر قریشی محمود الدین ان چار افراد کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔ اس کارروائی میں مذکورہ سلاٹر ہاو¿س کو سیل کر دیا گیا ہے۔