ناندیڑ، 18 اگست: (ورق تازہ نیوز)ضلع کے شہریوں کے لیے راحت کی خبر ہے کہ ناندیڑ شہر میں جلد ہی گھریلو پائپڈ نیچرل گیس (PNG) کی سپلائی شروع ہونے جارہی ہے۔ ضلع کلکٹر راہل کڑدیلے کی ہدایات پر پٹرولیم اینڈ نیچرل گیس ریگولیٹری بورڈ (PNGRB) سے مجاز کمپنی مہاراشٹر نیچرل گیس لمیٹڈ (MNGL) کی جانب سے سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (CGD) منصوبے کے تحت پائپڈ نیچرل گیس کا نیٹ ورک بچھانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ MNGL، گیل اور بی پی سی ایل کا مشترکہ منصوبہ ہے۔
پہلے مرحلے میں
4 ہزار گھروں کو گیس کنکشن
پہلے مرحلے میں ناندیڑ شہر کے فراندے نگر، ترو مالا نگر، چھترپتی چوک، کینال روڈ، ڈی مارٹ علاقے، تروڑہ خورد، کوٹھا اور روی نگر میں تقریباً 15 کلومیٹر طویل ایم ڈی پی ای گیس پائپ لائن بچھائی جارہی ہے۔اس پائپ لائن کے ذریعے تقریباً 4 ہزار گھروں کو براہِ راست گیس کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے بعد شہر کے دیگر علاقوں تک بھی PNG گیس سپلائی کا دائرہ وسیع کیے جانے کی توقع ہے۔
PNG گیس کے اہم فوائد
LPG کے مقابلے میں 10 سے 15 فیصد تک بچت
PNG گیس موجودہ LPG سلنڈر کے مقابلے میں تقریباً 10 سے 15 فیصد کم خرچ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس سے عام شہریوں کے گھریلو بجٹ پر بھی بوجھ کم ہوگا۔گھر تک بنیادی انفراسٹرکچر کا خرچ کمپنی برداشت کرے گی ۔گھروں کے کچن تک، یعنی گھر کی بیرونی دیوار تک گیس پائپ لائن اور ضروری بنیادی انفراسٹرکچر کی تنصیب کا خرچ MNGL کی جانب سے کیا جائے گا۔ اس کے لیے صارفین سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
24 گھنٹے مسلسل گیس سپلائی
PNG گیس پائپ لائن کے ذریعے 24 گھنٹے مسلسل فراہم کی جائے گی۔ اس سے صارفین کو سلنڈر ختم ہونے کی فکر نہیں رہے گی اور نہ ہی گیس سلنڈر کی بکنگ اور ڈیلیوری کا انتظار کرنا پڑے گا۔
محفوظ گیس سپلائی
PNG قدرتی گیس کو گیس کی شکل میں پائپ لائن کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق پائپڈ سپلائی کا نظام گھریلو LPG سلنڈر کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور آسان ہے۔
ماحول دوست ایندھن
PNG کو ماحول دوست ’گرین فیول‘ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے استعمال سے دھوئیں اور آلودگی میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
شہریوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی اپیل
ضلع انتظامیہ کی جانب سے ناندیڑ شہر کے ان علاقوں کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے جہاں گیس پائپ لائن بچھانے کا کام شروع ہوچکا ہے کہ وہ اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔
انتظامیہ کے مطابق PNG گیس کی سہولت سے شہریوں کو نسبتاً کم خرچ، مسلسل اور سہل گیس سپلائی دستیاب ہوگی، جس سے روزمرہ گھریلو زندگی میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔