ناندیڑ:2؍ڈسمبر ( ورقِ تازہ نیوز) اتوار کی تعطیل کے دن بیل گاڑی سے کھیت کی طرف جا رہے تھے کہ بیل گاڑی الٹ گئی اور اس حادثے میں ایک معصوم طالب علم کی موت ہوگئی جبکہ دو طالبات زخمی ہو گئیں۔ یہ حادثہ ڈولارا موضع ، تعلقہ لوہا میں یکم ؍ دسمبر کو پیش آیا۔ڈولارا موضع کے ایک چھوٹے کسان سنتوش مانیکا شندے کا سسرال گاؤں میں ہے اور ان کا بیٹا رُدر سنتوش شندے (عمر 7سال)، بیٹی پائل شندے ( عمر 12سال) شریا بلی رام ویٹکر (عمر 12سال) سمیت پانچ طالب علم اتوار ، یکم دسمبر کو تعطیل کی وجہ سے پانڈورنگ بلی رام ویٹکر کی بیل گاڑی میں سوار ہوکر کھیت کی طرف جا رہے تھے۔
تاہم راستے میں گاڑی اچانک الٹ گئی اور لوہے کا پالنا طالب علموں پر گر گیا۔ اس حادثے میں معصوم رُدر سنتوش شندے شدید زخمی ہو گیا۔ قریب موجود کسانوں نے دوڑ کر شدید زخمی رُدر کو ناندیڑ کے ایک خانگی ہسپتال میں داخل کرایا لیکن علاج سے پہلے ہی اس طالب علم کی موت ہوگئی۔ خاص بات یہ ہے کہ رُدر وسنت گلوبل پبلک اسکول تعلقہ لوہا میں انگلش میڈیم میں پہلی جماعت میں تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ وہ اسکول میں سب سے ذہین اور اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ اس حادثے میں رُدر کی بہن پائل شندے، شریا پانڈورنگ ویٹکر اور دیگر پانچ اسکول کے دوست بیل گاڑی میں سفر کر رہے تھے،
لیکن خوش قسمتی سے ان میں سے دو کو معمولی چوٹیں آئیں۔ رات دیر گئے غمگین ماحول میں رُدر کی آخری رسومات ڈولارا موضع میں انجام دی گئیں۔ اس کے بعد والدین اور دو بہنیں اس کے خاندان میں شامل ہیں۔ اس افسوسناک واقعہ نے گاؤں میں غم کی لہر دوڑا دی ۔