نابالغ لڑکی کے اغوا اور جنسی زیادتی کے مجرم کو بقیہ طبعی زندگی تک سخت عمر قید کی سزا

ناندیڑ، 20/ اگست:(ورق تازہ نیوز) مکرم آباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک نابالغ لڑکی کو اغوا کرکے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے سنگین معاملے میں عدالت نے ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے اس کی بقیہ طبعی زندگی تک سخت عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کے علاوہ عدالت نے مجموعی طور پر 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔یہ فیصلہ مکھیڑ کی خصوصی POCSO عدالت کے جج سنتوش پی. دیشمکھ نے سنایا۔

پولیس کے مطابق مئی 2024 میں مکھیڑ تعلقہ کے ایک گاؤں میں ایک نابالغ لڑکی گھر کے قریب کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی۔ اس معاملے میں لڑکی کے والد کی شکایت پر مکرم آباد پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 83/2024 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔مقدمے کی تفتیش پولیس سب انسپکٹر سید چاند سید ابراہیم نے کی۔ تفتیش کے دوران جائے وقوعہ کا پنچنامہ، طبی معائنہ، ضبط شدہ شواہد کی FSL جانچ، گواہوں کے بیانات اور لڑکی کی عمر سے متعلق تعلیمی ریکارڈ کی تصدیق سمیت دیگر ضروری کارروائیاں مکمل کی گئیں۔ اس کے بعد مقررہ مدت کے اندر عدالت میں فردِ جرم پیش کیا گیا۔


عدالت میں پولیس کی خصوصی نگرانی
ناندیڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلاب روہن کی ہدایت پر زیر سماعت مقدمات میں خصوصی توجہ دینے کے لیے ’’ٹرائل مانیٹرنگ سیل‘‘ قائم کیا گیا ہے۔ اس سیل کے ذریعے اس مقدمے کی عدالتی کارروائی پر بھی خصوصی نظر رکھی گئی۔سرکار کی جانب سے خصوصی سرکاری وکیل جی. بی. کِھلّارے نے عدالت میں مؤثر طریقے سے استغاثہ کا موقف پیش کیا، جبکہ مکرم آباد پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکار راج رتن واگھمارے نے انہیں اہم تعاون فراہم کیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ نے ملزم کے خلاف جرم کو کسی معقول شک کے بغیر ثابت کیا ہے اور ملزم کو شک کا فائدہ دینے کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔
ملزم کو کیا سزا سنائی گئی؟
خصوصی عدالت نے 29 سالہ ملزم ملہاری چندر گُمڈے، ساکن ناندیڑ، کو درج ذیل سزائیں سنائیں:
POCSO ایکٹ کی دفعہ 6 کے تحت بقیہ طبعی زندگی تک سخت عمر قید اور 20 ہزار روپے جرمانہ۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ کی سادہ قید۔* بھارتی تعزیراتِ ہند کی دفعہ 363 کے تحت 3 سال کی سخت قید اور 5 ہزار روپے جرمانہ۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 2 ماہ کی سادہ قید۔ عدالت نے حکم دیا کہ تمام سزائیں ایک ساتھ یعنی Concurrent چلیں گی۔ مجموعی 25 ہزار روپے جرمانے میں سے 20 ہزار روپے متاثرہ لڑکی کو معاوضے کے طور پر دینے کا حکم بھی عدالت نے دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق نابالغ لڑکی کے اغوا اور جنسی زیادتی جیسے سنگین جرائم میں مؤثر تفتیش، مضبوط شواہد اور عدالت میں مؤثر پیروی کے نتیجے میں ملزم کو سخت سزا دلانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading