نئے صدر کے انتخاب کیلئے سونیا گاندھی سے مساعی کی اپیل

پارٹی نازک دور سے گذر رہی ہے، ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے جی نرنجن کا مکتوب
حیدرآباد۔10 ۔ جولائی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر اور اے آئی سی سی رکن جی نرنجن نے سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے استعفیٰ کے باعث پارٹی نازک موقف سے گزر رہی ہے ۔ اس مرحلہ پر پارٹی کے وسیع تر مفاد اور ملک میں جمہوریت کے تحفظ کیلئے آپ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی مساعی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ورکرس کو آپ کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور 1998 ء میں آپ نے پارٹی کی عظمت رفتہ کو بحال کیا تھا۔ ایسے وقت جبکہ ہر کوئی کانگریس کے مستقبل کے بارے میں الجھن کا شکار تھا، آپ نے ذمہ داری سنبھالی۔ راہول گاندھی کے استعفیٰ کے سبب پھر ایک بار پارٹی قیادت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ موجودہ صورتحال سے کانگریس کارکنوں کے حوصلے پست ہورہے ہیں جبکہ مخالف پارٹیاں صورتحال کا فائدہ اٹھارہی ہیں۔ نرنجن نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا کوئی بھی رکن موجودہ تعطل کو ختم کرنے اور نئے صدر کے انتخاب میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مجالس مقامی کے حالیہ انتخابات کے موقع پر پارٹی کارکنوں میں مایوسی دیکھی گئی۔ اس کا اثر مجوزہ بلدی انتخابات پر پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کے قائد اور ورکنگ کمیٹی رکن کی حیثیت سے کانگریس کارکن پارٹی کو بچانے کے سلسلہ میں آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

Read More – یہ ایک سینڈیکیڈیڈ فیڈ ہے ادارہ میں اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. بشکریہ سیاست ڈاٹ کام-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading