میونسپل کونسل اور نگر پنچایت امیدواروں کے لیے کانگریس کا تین روزہ رہائشی تربیتی کیمپ چپلون میں شروع
ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال اور سینئر لیڈران کے ساتھ ماہرین مختلف موضوعات پر رہنمائی کریں گے
ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے چپلون میں تین روزہ رہائشی تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کا آغاز آج جمعہ 27 فروری سے ہوگا اور یکم مارچ کو اس کا اختتام ہوگا۔ یہ کیمپ حالیہ میونسپل کونسل اور نگر پنچایت انتخابات میں کوکن ڈویژن سے کانگریس کے امیدواروں کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اس تربیتی کیمپ میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال سمیت پارٹی کے سرکردہ لیڈران شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ سماجی کارکنان اور مختلف شعبوں کے ماہرین بھی امیدواروں کو رہنمائی فراہم کریں گے۔ کیمپ کے دوران چھوٹے شہروں اور نیم شہری علاقوں کو درپیش شہری مسائل، عوامی شکایات، بنیادی سہولیات کی کمی، ترقیاتی کاموں کے معیار اور انتظامیہ کے ساتھ مؤثر رابطہ و پیروی کے طریقوں پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ منتخب نمائندوں کو اس بات کی تربیت دی جائے گی کہ وہ عوامی مسائل کو کس طرح مؤثر انداز میں متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ اس رہائشی تربیتی کیمپ کا مقصد مقامی خود بلدیاتی اداروں میں کانگریس کے نمائندوں کو زیادہ باصلاحیت، حساس اور ترقی پسند بنانا ہے تاکہ وہ عوامی توقعات پر پورا اتر سکیں اور بہتر حکمرانی کا نمونہ پیش کر سکیں۔ ریاستی کانگریس کمیٹی کے نائب صدر (تنظیم و انتظامیہ) ایڈوکیٹ گنیش پاٹل نے بتایا کہ آئندہ مرحلوں میں دیگر ڈویژنز کے امیدواروں کے لیے بھی اسی نوعیت کے تربیتی کیمپ منعقد کیے جائیں گے، تاکہ پارٹی کے تمام مقامی نمائندے یکساں طور پر تربیت حاصل کر کے مؤثر عوامی خدمت انجام دے سکیں۔