کویتی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کا فضائی دفاعی نظام اس وقت ان حملوں کا ’مقابلہ کر رہا ہے‘ جنھیں اُن کی جانب سے ’دشمن کے میزائل اور ڈرون حملے‘ قرار دیا ہے۔
کویتی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سوموار اور منگل کی درمیانی شب ہونے والا تیسرا حملہ ہے اور اس سے متعلق جاری کیا جانے والا یہ تیسرا اسی نوعیت کا بیان ہے۔
فوج کے مطابق ’اگر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو وہ دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن کے حملوں کو روکنے کا نتیجہ ہیں،‘ کویتی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ’متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔‘
جاپان کا قومی تیل کے ذخائر استعمال کرنے کا اعلان
جاپان کی وزیراعظم سناے تاکائیچی نے کہا ہے کہ جاپان بڑھتی ہوئی سپلائی کے خدشات کے پیشِ نظر جمعرات سے اپنے قومی تیل کے ذخائر کا کچھ حصہ جاری کرنا شروع کرے گا۔
تاکائیچی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ہم اس ہفتے 26 تاریخ سے قومی ذخائر جاری کرنا شروع کریں گے۔‘
پوسٹ میں کہا گیا کہ جاپان پہلے ہی گزشتہ ہفتے نجی ذخائر استعمال کر چکا ہے تاکہ ’پورے جاپان کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور مطلوبہ مقدار کو سسٹم میں یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ جاپان کے استعمال ہونے والے تقریباً 95 فیصد تیل کی ترسیل آبنائے ہرمز کے ذریعے ہوتی ہے۔