مہاراشٹر پردیش قومی تنظیم کے نومنتخب عہدیداران کا طارق انور کی صدارت میں اجلاس
ممبئی مراٹھی پترکارسنگھ میں مہاراشٹر بھر سے عہدیداران کا جمع غفیر
ممبئی (پریس اعلامیہ)
آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر، رکن پارلیمان اور سابق مرکزی وزیر طارق انور کی موجودگی میں ممبئی مراٹھی پترکار سنگھ کے ہال میں ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس اجلاس میں ریاست بھر سے نومنتخب عہدیداران کو مدعو کیا گیا تھا۔ رکن اسمبلی امین پٹیل، سابق ایم ایل اے رشد طاہر مومن، اور کارپوریٹر جاوید جنیجا نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قومی تنظیم کے ہر مستقبل پروگرام میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ایم پی طارق انور نے کہا کہ ممبئی مراٹھی پترکار سنگھ ایک تاریخی ورثہ ہے جہاں ہم سب کو جمع ہونے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ مراٹھی صحافیوں نے صحافت کے میدان میں کام کرتے ہوئے آزادی کی تحریک میں نوجوانوں میں توانائی اور بیداری پیدا کرنے کا اہم کام کیا تھا۔ آج کے ماحول کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر صحافیوں کو اپنے قلم کی تیزی دکھانے اور نئی نسل کی رہنمائی کرنے کی ضرورت ہے۔
طارق انور نے زور دیا کہ عوام کے ذہنوں میں پیدا ہونے والے عدم تحفظ کے احساس کے خلاف قومی تنظیم کے ذمہ داران کو فرقہ پرست طاقتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے عوامی مفاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔ تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں نے ہندوستان کی آزادی کے لیے قربانیاں دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی کی عوام نے سیاسی، سماجی، اور تعلیمی تحریکیں کھڑی کی ہیں، جو ملک کی مالیاتی راجدھانی کے طور پر ممبئی کی اہمیت کو ثابت کرتی ہیں۔ سیاسی رہنما انتخابات میں جو تقاریر کرتے ہیں، وہ امیدوار اور پارٹی کے لیے ہوتی ہیں، لیکن انتخابات کے بعد سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
طارق انور نے مزید کہا کہ فساد برپا کرنا آسان ہے لیکن دلوں کو جوڑنا بہت مشکل ہے۔ ہمارے اسلاف کی کوششوں کی بدولت ہم ہندوستان کو دنیا کی تمام زبانوں، مذاہب، اور ثقافتوں سے جوڑ کر رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلاف کی تعلیمات کو سیاسی فائدے کے لیے توڑ مروڑ کر پیش نہ کیا جائے۔ ملک کے آئین کے تحفظ کے لیے تمام طاقتیں متحد ہوگئی ہیں، اور اب وقت آگیا ہے کہ ملک بھر میں آئین کی بیداری مہم چلائی جائے۔
ریاستی صدر اور سابق چیرمین اقلیتی کمیشن مناف حکیم نے اس موقع پر حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
