ممبئی:27 /جون۔ ( ورقِ تازہ نیوز)مہاراشٹر میں دیر سے پہنچنے والا مانسون اب ہر طرف پہنچ چکا ہے۔ مانسون کی آمد کے بعد گزشتہ 2 دنوں سے ریاست اچھی بارش ہورہی ہے اور کئی اضلاع میں شدید بارش بھی ہوئی ہے۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے مون سون کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹ دی ہے۔ ریاست میں آج منگل کو اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اس لیے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق ناسک اور مغربی مہاراشٹر میں اگلے 24 گھنٹوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مراٹھواڑہ میں بھی اوسط سے زیادہ بارش ہوگی۔
محکمہ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق بحیرہ عرب میں کم دباوکے علاقے میں شدت کے باعث ریاست 27 اور 28 جون کو اورنج اور یلو الرٹ پر رہے گی جب کہ بعض اہم علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ مدھیہ مہاراشٹر اور ودربھ اور کونکن 29 اور 30جون کو شدید بارش ہونے والی ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 27 جون کو ریاست میں بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ پالگھر، تھانے، ممبئی، رائے گڑھ، پونے، رتناگیری، امراوتی اور ناگپور اضلاع کے لیے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ستارہ، سندھو درگ، ناسک، نندربار، چندر پور اور گونڈیا اضلاع کے لیے بھی یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شمالی مہاراشٹر کے اضلاع، مراٹھواڑہ میں کچھ مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔