مہاراشٹر تنازعہ LIVE: مشترکہ لیڈر کے انتخاب کے لیے کانگریس-این سی پی-شیوسینا کی انتہائی اہم میٹنگ آج 5 بجے

ممبئی میں آج شام 5 بجے ہوگی این سی پی-شیوسینا-کانگریس کی انتہائی اہم میٹنگ، ہوگا اتحادی لیڈر کا انتخاب

ممبئی میں کانگریس، این سی پی اور شیوسینا اراکین اسمبلی کی آج شام 5 بجے مشترکہ میٹنگ ہوگی۔ اس میٹنگ میں تینوں پارٹیوں پر مبنی تشکیل نئے اتحاد کے لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔


مجھے امید ہے کانگریس، این سی پی اور شیوسینا مہاراشٹر میں حکومت بنائے گی: منموہن سنگھ

سابق وزیر اعظم اور کانگریس لیڈر ڈاکٹر منموہن سنگھ سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا این سی پی، شیوسینا اور کانگریس مہاراشٹر میں حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہوں گے؟ اس پر انھوں نے کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ یہ پارٹیاں مل کر حکومت بنائیں گی۔‘‘ ساتھ ہی آج سپریم کورٹ کے ذریعہ صادر فیصلے پر انھوں نے کہا کہ ’’ہم سبھی سپریم کورٹ کی عزت کرتے ہیں، ہمیں عدالت کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔‘‘


سچ کی جیت ہوئی، ہم 30 منٹ میں اکثریت ثابت کر سکتے ہیں: سنجے راؤت

شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے سپریم کورٹ کے ذریعہ 27 نومبر کی شام 5 بجے تک فلور ٹسٹ کرائے جانے کے حکم پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’سچ کی جیت ہوئی ہے۔ عدالت نے ہمیں اکثریت ثابت کرنے کے لیے 30 گھنٹے کا وقت دیا ہے، ہم 30 منٹ میں اکثریت ثابت کر دیں گے۔‘‘

سنجے راؤت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بھی رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے اس سلسلے میں دو ٹوئٹ کیے۔ پہلے ٹوئٹ میں انھوں نے صرف ’ستیہ میو جیتے‘ (سچ کی جیت) لکھا جب کہ دوسرے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’سچ پریشان ہو سکتا ہے، شکست نہیں کھا سکتا۔ جے ہند‘‘۔



سونیا گاندھی نے فلور ٹسٹ جیتنے کا عزم کیا ظاہر

مہاراشٹر میں فلور ٹسٹ کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد کانگریس صدر سونیا گاندھی کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی کا کہنا ہے کہ 27 نومبر کو ہونے والے فلور ٹسٹ میں کانگریس-این سی پی-شیوسینا کی جیت ہوگی۔

مہاراشٹر معاملہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ سنگ میل، بی جے پی کا کھیل ختم: نواب ملک

سپریم کورٹ کے ذریعہ 27 نومبر کی شام 5 بجے تک فلور ٹسٹ کرائے جانے کا حکم سنائے جانے کے بعد این سی پی ترجمان نواب ملک نے اپنا پہلا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے آج جو فیصلہ سنایا ہے وہ ہندوستانی جمہوریت میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ کل 5 بجے سے پہلے یہ صاف ہو جائے گا کہ بی جے پی کا کھیل ختم ہو گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ دنوں میں یہاں شیوسینا-این سی پی-کانگریس کی حکومت ہوگی۔‘‘


سپریم کورٹ نے فلور ٹسٹ کی لائیو ریکارڈنگ کرانے کی بھی دی ہدایت

مہاراشٹر میں فڑنویس حکومت کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے نہ صرف 27 نومبر کی شام 5 بجے تک فلور ٹسٹ کرانے کا حکم سنایا بلکہ یہ بھی کہا کہ کوئی سیکرٹ ووٹنگ نہیں ہوگی اور پورے عمل کی لائیو ریکارڈنگ بھی کرائی جائے گی۔ شیوسینا، کانگریس اور این سی پی لیڈران سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے انتہائی خوش ہیں اور اسے جمہوریت کی فتح قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فلور ٹسٹ سے قبل سبھی اراکین اسمبلی کو حلف دلایا جائے گا۔ اس کے بعد ہی اکثریت ثابت کرنے کے لیے فلور ٹسٹ کرایا جائے گا۔ فلور ٹسٹ پروٹیم اسپیکر ہی کرائیں گے۔



سپریم کورٹ نے 27 نومبر کی شام تک فلور ٹسٹ کرانے کا سنایا حکم

سپریم کورٹ نے شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے حق میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 27 نومبر کی شام فلور ٹسٹ کرانے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ بی جے پی نے عدالت عظمیٰ سے گزارش کی تھی کہ اکثریت ثابت کرنے کے لیے کچھ زیادہ دن کا وقت دیا جائے جسے نامنظور کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اپوزیشن کا یہ بھی مطالبہ قبول کر لیا ہے کہ فلور ٹسٹ براہ راست ہوگا اور کسی بھی طرح کا سیکرٹ بیلٹ نہیں ہوگا۔


تینوں جج سپریم کورٹ پہنچے، تھوڑی دیر میں آئے گا فیصلہ

مہاراشٹر پر سپریم کورٹ سے تھوڑی دیر میں فیصلہ آنے والا ہے۔ پورے ملک کی اس پر نگاہیں مرکوز ہیں۔ تینوں جج عدالت پہنچ چکے ہیں اور فیصلہ سنانے کے لیے بیٹھ چکے ہیں۔


این سی پی قانون ساز پارٹی لیڈر سے متعلق خط مہاراشٹر قانون سازیہ سکریٹریٹ میں موصول

مہاراشٹر قانون سازیہ کے سکریٹری راجندر بھاگوت نے این سی پی قانون ساز پارٹی لیڈر معاملہ پر ایک بیان میڈیا کو دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’سکریٹریٹ کو ایک خط موصول ہوا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جینت پاٹل این سی پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر ہیں۔ لیکن فیصلہ اسپیکر کو لینا ہے۔ فی الحال اس پر کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔‘‘


شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے ٹوئٹ کیا ’انتظار کیجیے اور دیکھیے‘

مہاراشٹر تنازعہ پر سپریم کورٹ آج 10.30 بجے فیصلہ سنانے والا ہے اور اس سے قبل شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’162 اور مزید… انتظار کیجیے اور دیکھیے!‘‘ واضح رہے کہ شیوسینا-این سی پی-کانگریس نے پیر کی شام ممبئی کے ہوٹل حیات میں اپنے 162 اراکین اسمبلی کی میڈیا کے سامنے پریڈ کرائی تھی۔ سنجے راؤت کا ٹوئٹ اسی کے پیش نظر ہے اور انھوں نے واضح کیا ہے کہ شیوسینا-این سی پی-کانگریس کو حمایت دینے والے اراکین اسمبلی کی تعداد 162 سے بھی زیادہ ہوگی۔


مہاراشٹر تنازعہ پر سپریم کورٹ آج 10.30 بجے سنائے گا فیصلہ

مہاراشٹر میں دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلیٰ کا حلف تو لے لیا لیکن شیوسینا، این سی پی اور کانگریس ان کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئی۔ پیر کو معاملہ پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ آج صبح 10.30 بجے اس سلسلے میں فیصلہ سنانے والا ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading