نوی ممبئی واقع اُرن او این جی سی پلانٹ میں زبردست آگ لگنے کی خبروں کے درمیان اب تک 7 لوگوں کی اموات کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ منگل کے روز علی الصبح ہوئے اس آتشزدگی کے واقعہ میں پہلے 4 لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبریں آئیں تھیں، لیکن اب کئی میڈیا ذرائع نے یہ تعداد بڑھ کر 7 ہونے کی اطلاع دی ہے۔ مہلوکین میں 3 سی آئی ایس ایف کے جوان، 2 او این جی سی کے ملازمین اور دو دمکل ملازمین شامل ہیں۔ اس واقعہ میں کم از کم 8 لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں ہیں جنھیں مقامی سپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق آتشزدگی واقعہ کے تقریباً تین گھنٹوں کے اندر اس آگ پر قابو پا لیا گیا لیکن اتنے ہی وقت میں کافی نقصان ہو گیا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے دمکل کی 12 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور اب بھی وہاں موجود ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گیس پروسیسنگ پلانٹ میں صبح تقریباً 7 بجے یہ آگ لگی۔ کچھ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ پلانٹ کے اسٹارم واٹر ڈرونیج میں لگی تھی۔
آگ لگنے کے بعد پلانٹ اور قریب کے پورے علاقے کو خالی کرا لیا گیا تھا، لیکن اب حالات قابو میں ہیں۔ آگ لگنے کے اسباب کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔ اس درمیان او این جی سی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے یہ خبر دی ہے کہ حالات قابو میں ہیں اور گیس کو دوسری لائن میں ڈائیورٹ کر دیا گیا ہے۔
A fire broke out in storm water drainage early morning 2day in Uran oil & gas processing plant.ONGC fire services & crisis managemnt team immediately pressed in2 action. Fire is being contained. No impact on Oil processing.Gas diverted to Hazira Plant. Situation is being assessed
— ONGC (@ONGC_) September 3, 2019
غور طلب ہے کہ گزشتہ مہینے اگست میں ممبئی کے گورے گاؤں کے انڈسٹریل علاقے میں واقع ایک بلڈنگ میں اچانک آگ لگ گئی تھی۔ یہاں کیمیکل فرماسیوٹیکل کے سامان رکھے ہوئے تھے جس کی وجہ سے کروڑوں کا نقصان پہنچا تھا۔ مہاراشٹر میں آگ لگنے کے کئی واقعات گزشتہ مہینوں میں منظر عام پر آئے ہیں۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
