ممبئی:(ورق تازہ نیوز)دھولیہ سے مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے سابق رکن اسمبلی جناب افاروق شاہ نے اپنی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرتے ہوئے آج راشٹروادی کانگریس پارٹی (این سی پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اور این سی پی کے ریاستی صدر اجیت پوار سے خصوصی ملاقات کی، جس دوران انہوں نے پارٹی کی باقاعدہ رکنیت حاصل کی۔پارٹی میں شمولیت کے دوران اجیت پوار نے فاروق شاہ کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں این سی پی کا کھنڈا پہنایا۔ اس موقع پر ریاستی کابینی وزیر اور این سی پی کے سینئر لیڈر حسن مشرف بھی موجود تھے۔
فاروق شاہ کی این سی پی میں شمولیت کو ریاست کی سیاست میں اہم تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر دھولیہ ضلع میں، جہاں ایم آئی ایم کا اثر گزشتہ چند برسوں میں بڑھا تھا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق فاروق شاہ کی این سی پی میں شمولیت سے پارٹی کو اقلیتی ووٹ بینک میں استحکام حاصل ہوگا، جبکہ ایم آئی ایم کو اس سے دھچکا لگ سکتا ہے۔این سی پی کے ذرائع نے بتایا کہ فاروق شاہ کی شمولیت کے بعد پارٹی کی حکمت عملی میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی، خاص کر شمالی مہاراشٹر میں تنظیمی سطح پر۔
اجیت پوار نے اس موقع پر کہاکہ ”ہم سبھی کو ساتھ لے کر چلنے والی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔
فاروق صاحب کے این سی پی میں آنے سے پارٹی کو دھولیہ اور اس کے اطراف میں مزید طاقت ملے گی۔ ہم سب مل کر ریاست کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔“فاروق شیخ نے کہا کہ وہ اجیت پوار کی قیادت اور این سی پی کی پالیسیوں سے متاثر ہو کر یہ فیصلہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”میں عوام کی خدمت کے لیے این سی پی میں شامل ہوا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ اس پلیٹ فارم سے میں اپنے علاقے کے مسائل زیادہ بہتر طریقے سے اٹھا سکوں گا اور ان کا حل نکال سکوں گا۔“پارٹی حلقوں میں اس خبر کے بعد جوش و خروش کی لہر دیکھی گئی اور مقامی سطح پر کئی کارکنان نے فاروق شاہ کی اس فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ این سی پی کے ریاستی رہنماو¿ں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات میں اس شمولیت سے پارٹی کو خاص فائدہ ہوگا۔