مہاراشٹرا میں کورونا کا قہر، آج سے ریاست بھر میں نائٹ کرفیو

پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے چیف منسٹر کی عوام سے اپیل‘2اپریل تک حالات کا جائزہ لینے کافیصلہ

ممبئی: مہاراشٹرا میں کورونا کی بے قابو ہوتی رفتار کے بعد ریاستی حکومت حرکت میں آگئی ہے۔ چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے پوری ریاست میں اتوار 28 مارچ سے نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں کورونا کے کیسس مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے لوگوں سے کورونا گائڈ لائنس پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی، لیکن کورونا انفیکشن میں کمی نہیں آئی۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے ریاستی حکومت نے ریاست میں رات 8 بجے سے صبح 7 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔ چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے سبھی ضلع افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور اس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاون کے بجائے ضوابط سخت کئے جائے، اس لئے ریاستی حکومت نے اتوار کی شب سے نائٹ کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کورونا ضوابط پر عمل کرنے کو لے کر بھی احکامات جاری کئے ہیں۔ چیف منسٹر نے وارننگ دی ہے کہ اگر مریضوں کی تعداد کم نہیں ہوئی تو ضوابط کو مزید سخت کیا جائے گا۔ انہوں نے حکم دیا کہ مالس، بار اور ہوٹلس کے لئے بنائے گئے ضوابط پر صحیح سے عمل ہو رہا ہے یا نہیں، اس کی جانچ کی جائے۔اس سے قبل، ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے لوگوں کو سخت لاک ڈاون سے بچنے کے لئے سوشل ڈیسٹنسنگ اور ماسک کے ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی وارننگ دی تھی۔اجیت پوار نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے معاملوں پر کنٹرول کرنے کے لئے بچاو سے متعلق ضوابط پر سختی سے عمل کرایا جارہا ہے۔ انفیکشن کے معاملوں پر 2 اپریل تک نظر رکھی جائے گی۔ اگر لوگ کورونا کی گائڈ لائنس پر عمل نہیں کریں گے تو لاک ڈاون لگانے کے علاوہ کوئی دوسرا چارہ نہیں بچے گا۔احکامات کے مطابق تمام شاپنگ مالس رات 8بجے سے صبح7بجے تک بند رہیں گے ۔ہولی اور نگ پنچمی تہواروں کے موقع پر کوئی مدہبی یا ثقافتی پروگرام ہوگا اور نہ ہی بڑا اجتماع ہوگا ۔حکومت نے عیسائی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ 2اپریل کو گڈفرائی اور 4اپریل کو ایسٹر کجا سادے طریقہ سے اہتمام کریں ۔چرچ میں صرف 50افراد کے اجتماع کی اجازت دی گئی ہے۔چیف منسٹرنے سماجی اور سیاسی پروگراموں کے دوران کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کویقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ اجیت پوار نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے ملک کی کئی ریاستوں میں بھی سختی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ دہلی حکومت نے ماسک اور ضوابط پر عمل نہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی بات کہی ہے۔ ملک کی کئی ریاستیں کورونا کی دوسری لہر سے بری طرح متاثر ہیں ۔ عوام کو احتیاط برتنے پر زور دیاجارہا ہے ۔

Leave a comment