ریلائنس انڈسٹریز کے چئیرمین مکیش امبانی نے انتہائی نازک موقع پر اپنے بھائی انل امبانی کی مالی مدد کر کے انہیں جیل جانے سے بچا لیا۔
نئی دہلی: قومی آوازبیورو. بھائی بھائی ہوتا ہے اور ریلائنس انڈسٹریز کے چئیرمین مکیش امبانی نے اس بات کو اس وقت ثابت کر دیا جب انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی انل امبانی کو 550 کروڑ روپے دے کر ان کو جیل جانے سے بچا لیا۔ریلائنس کمیونیکیشن کے چئیرمین انل امبانی نے سپریم کورٹ کے ذریعہ طے شدہ وقت سے ایک دن قبل سویڈن کی کمپنی ایرکسن کا بقایا چکا دیا اور اس طرح وہ جیل جانے سے بچ گئے۔ آ ر کوم نے پیر کو ٹیلی کوم اکوئپمنٹ بنانے والی کمپنی ایرکسن کو 458.77 کروڑ روپے کا بقایا ادا کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 19 فروری کو حکم جاری کیا تھا کہ اگر چار ہفتوں کے اندر انل امبانی نے پوری رقم نہیں ادا کی تو انہیں تین ماہ کے لئے جیل بھیج دیا جائے گا کیونکہ انہیں ایرکسن کے معاملہ میں عدالت کی توہین کا مجرم مانا گیا تھا۔ اس بھگتان کے بعد انل امبانی نے ایسے نازک موقع پر بھائی مکیش امبانی اور بھابھی نیتا امبانی کے ذریعہ کی گئی مالی مدد کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انل امبانی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’پریشانی کی اس گھڑی میں میرے ساتھ کھڑے ہونے کے لئے میں اپنے بھائی مکیش اور بھابی نیتا امبانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ایسے موقع پر مدد کر کے انہوں نے یہ دکھایا ہے کہ اپنی خاندانی قدروں کے تئیں اور ان رشتوں کے تئیں سچائی کے ساتھ کھڑے رہنا کتنا ضروری ہے۔ میں اور میرے اہل خانہ خوش ہیں کہ ہم ماضی کی باتوں سے آگے نکل آئے ہیں اور میں اس مدد کے لئے بڑے بھائی کا احسان مند ہوں‘‘۔