’ميٹا ورس يا ’مستقبل کا انٹرنيٹ‘ دراصل کيا ہے؟

اڑنے والی مچھلياں، روبوٹس جو آپ کے دوست ہوں، ميٹا ورس ميں سب ممکن ہے۔ يہ اصطلاح ايک ايسی ورچوئل جگہ کے ليے استعمال کی جاتی ہے، جس کے بارے ميں خيال ہے کہ مستقبل ميں انٹرنيٹ کچھ يوں دکھے گا۔ فی الحال يہ ايک خيال ہے۔ ماہرين ايسی ايسی ورچوئل جگہیں تيار کر رہے ہيں جہاں انسان ايک مصنوعی دنيا ميں کاروبار، خريداری، کھيل کود اور بہت کچھ کر سکيں گے۔ بس يوں سمجھيں کہ جيسے آپ ايک اموجی کی صورت ميں اس دنيا ميں ہوں گے، اور اگر کہيں خريداری کرنا ہو، تو آپ حقيقی طور پر چاہے اپنے گھر ميں بيٹے ہوں، آپ کا اموجی دکان ميں جا کر باقاعدہ طور پر سودا کر کے خريداری مکمل کر سکے گا۔ اور کچھ دن بعد خريدی ہوئی شے آپ کے گھر پر ہو گی۔

فیس بک کا نیا نام کیا ہو سکتا ہے؟

فيس بک کے چيف ايگزيکيٹوو آفيسر مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ اس قسم کے تجربات ابھی بہت آگے کی بات ہے مگر چند ماہرين کا خيال ہے کہ ميٹا ورس کی ابتدائی غير مکمل شکل اس وقت بھی پائی جاتی ہے۔ پرتگالی دارالحکومت لزبن ميں ويب سمٹ کے موقع پر ’ميجک ليپ‘ نامی کمپنی کی سربراہ پيگی جانسن نے کہا کہ ہم اس وقت ميٹا ورس کے ابتدائی مراحل ميں داخل ہو چکے ہيں۔ انہوں نے کہا، ’’اب تک لوگوں کا اوگمينٹڈ ريئيليٹی کے ساتھ تجربہ پوکی مون گو گيم يا لوگوں کے چہرے بدلنے تک محدود ہے۔ ليکن اب ہميں طب کے ميدان ميں اوگمينٹڈ ريئيليٹی کی صلاحيت کا اندازہ ہونا شروع ہو رہا ہے۔‘‘

اوگمينٹڈ ريئيليٹی کسے کہتے ہيں؟

اوگمينٹڈ ريئيليٹی (AR) حقيقی دنيا کا ايک بہتر ورژن ہے، جسے آوازوں، ٹيکنالوجی اور ڈيجيٹل وژوئل ايليمنٹس کی مدد سے تيار کيا گيا ہو۔ موبائل کمپيوٹنگ اور بزنس ايپليکيشنز سے متعلق کمپنيوں ميں اس کے استعمال کا رجحان تيزی سے بڑھ رہی ہے۔ اے آر کے ليے ‘افزودہ حقیقت‘ کی اصطلاح بھی استعمال کی جاتی ہے۔ يہ ایک ٹیکنالوجی ہے، جس میں حقيقت کو بڑھا کر یا اس میں اضافہ کر کے صارف کو پیش کیا جاتا ہے۔ منظر میں تبدیلی کے لیے ایک اسکرین یا پردہ استعمال کیا جا سکتا ہے جو یا تو صارف کی آنکھوں پر چڑھا چشمہ ہو سکتا ہے یا اسے نظر آنے والا کوئی اور ڈسپلے جیسے کار کی ونڈ سکرین۔ پردے پر نظر آنے والے منظر کو حقیقی وقت میں عمل کاری سے گزارنے کے بعد کمپیوٹر اس میں کچھ اضافہ کر دیتا ہے جیسے کار کی سکرین پر آنے اور جانے والی گاڑیوں کی رفتار دکھانا یا چشمے میں نظر آنے والی عمارت کے حوالے سے اہم معلومات شامل کر دینا۔