مودی اور یوگی کی ’بدنامی‘ سے آر ایس ایس پریشان، خفیہ اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد!

نئی دہلی: اترپردیش میں کورونا وبا کے دوران ریاستی حکومت کی بد انتظامی کے سبب وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نریندرمودی کی بھی شبیہ خراب ہوئی ہے۔ یہاں تک کہ وہ لوگ جو آنکھیں موند کر مودی اور یوگی کا قصیدہ پڑھتے نہیں تھکتے تھے وہی اب ان دونوں رہنماؤں سے سوال پوچھ رہے ہیں۔ ان حالات میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کو لے کربی جے پی کی نظریاتی تنظیم راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پریشان ہو اٹھی ہے۔

اسی سلسلے میں آر ایس ایس نے اتوار کو نئی دہلی میں ایک ’خفیہ‘ اعلیٰ سطحی میٹنگ کی، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، آرایس ایس کے دتاتریہ ہوسبولے کے ساتھ یوپی بی جے پی ریاستی تنظیم کے جنرل سکریٹری سنیل بنسل بھی شامل ہوئے۔ میٹنگ میں مرکز اور یوپی کی بی جے پی حکومتوں کی تضحیک، نیز مودی اور یوگی کی بدنامی پرتشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی میٹنگ میں طے کیا گیا ہے کہ ایک مہم چلا کرمودی اور یوگی کی بگڑتی شبیہ کو بہتر بنایا جائے.

بی جے پی کے دونوں سینئر لیڈروں (مودی اور یوگی) کی شبیہ سدھارنے کے کام میں پارٹی کے ساتھ ساتھ آرایس ایس بھی میدان میں اترے گی۔ دہلی میں ہوئی اس میٹنگ کے بعد پارٹی اور تنظیمی سطح پر بڑے فیصلے لئے جاسکتے ہیں تاکہ اتر پردیش میں اگلے سال ہونے والے انتخابات سے قبل پارٹی کی شبیہہ کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں کورونا کے دور میں آکسیجن کی قلت اور وقت پر دوائیاں نہ ملنے سے ہوئی ہزاروں لوگوں کی موت کی وجہ سے بی جے پی کی جو تصویر بنی ہے، اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کورونا کی دوسری لہر کے دوران مودی پر ہو رہے براہ راست حملوں سے بی جے پی کافی پریشان ہے۔ دوسری لہر نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، صحت کی خدمات کے حوالے سے حکومت کی تیاریاں اجاگر ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ ویکسین، آکسیجن، بیڈ اور دوائیوں کی کمی نے حکومت کی بد انتظامی کو بھی سامنے لا دیا ہے۔ اترپردیش کورونا سے بری طرح متاثر ہونے والی ریاستوں میں شامل ہے۔ گنگا میں بہتی لاشوں نے تو ریاست میں ہونے والی اموات کے حقائق کو سب کے سامنے رکھ دیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading