ممبرا میں اردو سائن بورڈ کیلئے اسکولی بچوں نے دکانداروں کو دیا گلاب کا پھول
تھانے (آفتاب شیخ)
ممبرا اردو کتابی و ادبی میلے کی مناسبت سے سنیچر 7 دسمبر دو بجے سے پہلی عوامی سرگرمی کا آغاز کیا گیا۔ تمام اردو اسکولوں سے ممبرا اردو کتابی و ادبی میلہ کمیٹی نے التماس کی کہ اپنے اسکول طلباء وطالبات کے ہاتھوں میں ایک گلاب کا پھول دے کر اپنے نزدیکی علاقوں کی ان دکانوں پر جہاں اردو کے سائن بورڈ نہیں لگے ہیں وہاں بھیجیں اور ان سے پھول دے کر یہ درخواست کریں کہ اردو محبت، اخوت اور انسانیت کی زبان ہے۔ یہ ہمارے ملک کی مشترکہ تہذیب کی نشانی ہے۔ ہمارے دلوں میں اس کی جگہ ہے۔ آپ سے التماس ہے کہ اسے اپنے سائن بورڈ پر بھی جگہ عنایت کریں. ہم جیسے پچاسوں ہزار بچے اس شہر میں اردو پڑھتے ہیں. اگر بورڈ اردو زبان میں ہوگا تو ہمیں بہت خوشی ہوگی. کوئی زبردستی نہیں؛ بس آپ سے درخواست ہے.
آپ نے قبول کیا تو بھی شکریہ، نہیں کیا تو بھی نیک خواہشات۔ آج دوپہر ممبرا شہر کی اردو اسکولوں کے بچوں نے سیکڑوں دکانداروں سے مل کر گلاب کا پھول پیش کرتے ہوئے درخواست کی کہ وہ اپنی دکانوں کے بورڈ پر اردو زبان کو بھی جگہ دیں. پھول سے بچوں کے ہاتھوں میں پھول سجا کر انتہائی سلیقے سے دکانداروں سے درخواست کی گئی۔ ان کوششوں کا یہ اثر ہوا کہ بہت سے دکانداروں نے اپنے سائن بورڈ پر اردو کو بھی جگہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ پہلی جنوری سے پانچ جنوری 2020 کے درمیان ممبرا شہر میں قومی اردو کتابی وادبی میلے کا مولانا ابوالکلام آزاد اسٹیڈیم میں انعقاد کیا جارہا ہے۔ ممبرا کی پٹیل ہائی اسکول و عبداللہ پٹیل ہائی اسکول و جونئیر کالج اور دیگر تمام اردو اسکولوں کی سرپرستی میں یہ میلہ منعقد کیا جانا ہے۔ ملک بھر سے 80 پبلشرز اس میں شریک ہونے کی توقع ہیں۔ اس موقع پر محب اردو امتیاز خلیل، ٹی ایم سی اسکول کے سید ذاہد علی، عبداللہ پٹیل اردو ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی نسرین میڈم،
اردو آرٹسٹ عبدالرحیم و دیگر موجود تھے۔