ممبئی، 20 مئی (ایجنسیز)لوک سبھا انتخابات 2024 کے پانچویں مرحلے کی رائے دیہی آج 20 مئی کو ہوئی ۔ جس میں مہاراشٹر میں ممبئی کی 6 نشستوں کے بشمول جملہ 13 نشستوں پر عوام بڑے جوش و خروش سے اپنے حق رائے دیہی کا استعمال کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔
ممبئی کی جن 6 لوک سبھا حلقوں میں آج ووٹنگ ہوئی ان میں ممبئی شمالی وسطی ، ممبئی شمال مشرقی ، ممبئی شمالی ، ممبئی شمال مغربی ، ممبئی جنوبی وسطی ، ممبئی جنوبی حلقے شامل ہیں، جہاں صبح 7 بجے سے ہی لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔لوک سبھا کا یہ انتخاب سابقہ انتخابات کے مقابلہ میں از اوّل تا آخر ، کُلی طور پر بالکل الگ ہی نوعیت اور رنگ لیے ہوئے ہے۔ اور اس انتخاب میں جِدّت اور انوکھا پن کی کئی مثالیں دیکھنے کو مل رہی ہیں،
آج ایسی ہی ایک مثال ممبئی کی مشہور ریسٹورنٹ ‘ نور محمدی ہوٹل’ کے مالکان خالد حکیم اور راشد حکیم نے پیش کی ہے۔ اس انتخاب میں سب سے اہم اور جس بنیادی نکتہ کو مرکزیت اور فوقیت کے ساتھ ،توجہ کا مرکز بنایا گیا وہ یہ ہے کہ کس طرح ووٹنگ کے فی صد کو بڑھایا جائے۔اور اس ضمن میں ملت کے ہر طبقہ فکرکے علماء اور ائمہ مساجد، تنظیموں ، صحافیوں، دانشوروں کے ساتھ ساتھ ایک بڑے پیمانے پر انفرادی طور پر دامے دِر٘مے قَدَمے سُخَنے بھر پور کوششیں کی گئی۔
ملک میں جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کی غرض سے ایسی ہی ایک کوشش ‘ نور محمدی ہوٹل’ کے مالکان خالد حکیم اور راشد حکیم نے کی۔ اس ضمن میں خالد حکیم نے یو این آئی کو بتایا کہ انھوں نے آج اپنی ہوٹل میں ووٹ ڈال کر آنے والے ووٹرس کو خصوصی 10 فی صد کی رعایت کا اعلان کیا ۔ انھوں نے بتایا کہ اس بار ووٹرس میں بڑا جوش و خروش ہے۔ جب وہ صبح 7 بجے ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچے تو ویاں پہلے سے ہی ایک لمبی قطار لگی ہوئی تھی۔ انھوں نے ممبئی کے آگری پاڑہ علاقے میں اپنا ووٹ ڈالا۔ خالد حکیم نے کہا کہ 7 بجے پہنچنے کے بعد بھی انھیں دیڑھ گھنٹہ قطار میں کھڑے رہنا پڑا۔
اپنے گاہکوں کو 10 فی صد خصوصی رعایت دینے کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ ، گو کہ میرا کسی بھی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، لیکن یہ موقعہ ایسا ہے جب ہر کسی کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے، تاکہ ہمارے ملک میں جمہوری اقدار پروان چڑھیں۔ ہم نے ایک چھوٹی سی کوشش کی۔ ہم نے ہر جگہ بوڑڈ لگائے جس پر لکھا گیا کہ ” اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد، جمہوریت کا جشن مناتے ہوئے نور محمدی ہوٹل میں کھانا کھائیں، اور خصوصی 10 فی صد رعای پائیں” اور ہمیں یہ خوشی ہے کہ لوگوں نے بڑے پیمانے پر اس سے فائدہ اٹھایا۔ ووٹ ڈال کر آنے والوں کی ایک بڑی تعداد ہمارے ہوٹل آکر خوشی خوشی اپنی انگلی پر لگے نشان کو دیکھا کر 10 فیصد کی رعایت حاصل کی۔ ووٹنگ فی صد کے بارے میں پوچھنے پر انھوں نے بتایا کہ ، پورے یقین کے ساتھ یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ ووٹنگ کا فی صد کافی بڑھا ہے۔ لوگوں نے بڑے پیمانے پر ووٹ ڈالا ہے۔