نئی دهلی: اترپردیش كے ضلع ہاپوڑ میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا جہاں دو ادھیڑ عمر کے افراد نے جھولا جھلانے کے بہانے معصوم بچیوں کو کار پارکنگ ایریا میں لے جاکر ان کے ساتھ نازیبا حرکتیں کرنے کی کوشش کی۔
اطلاعات كے مطابق دونوں مشتبہ افراد نے پہلے بچوں کو جھولا جھلانے کا جھانسہ دیا اور جیسے ہی وہ ان کے اعتماد میں آئے، انہیں پارکنگ ایریا کی طرف لے گئے جہاں انہوں نے بچیوں کو زبردستی چھونے کی کوشش کی۔ تاہم بچیوں کی چیخ و پکار سن کر قریبی موجود لوگوں کو شک ہوا اور انہوں نے فوراً موقع پر پہنچ کر دونوں افراد کو پکڑ لیا۔
عوام نے دونوں ملزموں کی خوب پٹائی کی اور بعد ازاں انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔ مقامی پولیس نے دونوں کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل تفتیش کرے گی تاکہ بچیوں کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔